پونے واریئرز نے چنئی سپر کنگز کو اپ سیٹ شکست دیدی

آرون فنچ کی نصف سنچری، اسٹیون اسمتھ کے برق رفتار 39 رنز، تین کیچز بھی لیے


Sports Desk April 16, 2013
آئی پی ایل: چنئی سپر کنگز کے وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی، روس ٹیلر کو اسٹمپڈ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، پونے واریئرز نے مقابلے میں 24 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو : اے ایف پی

آئی پی ایل میں پونے واریئرز نے چنئی سپر کنگز کو 24رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی،اوپنر آرون فنچ نے طوفانی ففٹی اسکور کی،اسٹیون اسمتھ نے صرف 16بالز پر39 رنز بنائے جبکہ بعدازاں تین کیچز بھی لیے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فتح کیلیے 160 کا ہدف پانے والی چنئی کی ٹیم8 و کٹ پر 135 رنز تک محدود رہی، اوپنر سری کانت انیرودھ بغیر کوئی رن بنائے بھونیشور کمار کا شکار بن گئے، ایس بدری ناتھ 34، رویندرا جڈیجا27 اور مرلی وجے 24 رنز بناکر کچھ ہمت دکھا پائے۔

ان سب کی کاوشیں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئیں، بھونیشور کمار، اشوک ڈینڈا اور مچل مارش نے 2،2وکٹیں اپنے نام کیں،اسمتھ نے تین کیچز لیے۔ اس سے قبل مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورزمیں 5 وکٹ پر 159رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرز آرون فنچ اور روبن اوتھاپا نے ٹیم کو 96 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والے بیٹسمین اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا پائے۔



آسٹریلوی رائٹ ہینڈر بیٹسمین فنچ نے 45 گیندوں پر 67رنز بٹورے جبکہ اوتھاپا 26 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے صرف16بالز پر 3چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے39 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کا مجموعہ قابل قدر مقام تک پہنچایا۔

کیوی بیٹسمین روس ٹیلر اب تک ایونٹ میں کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوپائے ہیں، اس مرتبہ بھی وہ8 کے انفرادی اسکور پر مورس کی گیند پر جڈیجا کا شکار بن گئے،اس سے قبل کھیلے گئے لیگ کے چار میچزمیں ان کا انفرادی اسکور بالترتیب 19،15،17 اور 4 رہا تھا، کرس مورس اور ڈیوائن براوو نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس چلتا کیا جبکہ ایک وکٹ رویندرا جڈیجا کے حصے میں آئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں