پی سی بی کو کراچی میں بھی کنگ آف اسپیڈ نہ مل سکا

ٹرائلز میں 250 سے زائد نوجوانوں کی قسمت آزمائی، 2 پلیئرز 132 کی رفتار تک پہنچے۔

ٹرائلز میں 250 سے زائد نوجوانوں کی قسمت آزمائی، 2 پلیئرز 132 کی رفتار تک پہنچے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کو کراچی میں بھی کنگ آف اسپیڈ نہ مل سکا، گذشتہ روز ٹرائلز میں250 سے زائد نوجوان فاسٹ بولرز نے قسمت آزمائی۔

ان کی نگرانی سلیکٹر سلیم جعفر اور کوچ توصیف احمد نے کی، اس موقع پر اسپیڈ گن کی مدد سے رفتار جانچی جاتی رہی،2 بولرز 132 کی رفتار تک پہنچے مگر کوئی بھی140کلومیٹر کی اسپیڈ سے بولنگ نہ کر سکا، اس موقع پر کھلاڑیوں نے الزام لگایا کہ صرف 3 گیندیں کرنے کا موقع دیا گیا جس سے صلاحیتوں کا اصل اظہار نہیں کر سکے۔

یاد رہے کہ یوفون اور پاکستان کرکٹ بورڈکے زیراہتمام'' کنگ آف اسپیڈ'' کے تحت نوجوان فاسٹ بولرز کی تلاش جاری ہے، اس سلسلے میں ٹرائلز کے تیسرے روز اسلام آباد سے ناصر ملک اور اختر ایوب جبکہ کراچی سے عبدالامیر اور محمد عمران خان اگلے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کر گئے،انتہائی سخت مقابلے کے بعد اسلام آباد سے منتخب کیے جانے والے ناصر ملک نے 138 جبکہ اختر ایوب نے137 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی، کراچی سے منتخب ہونیوالے دونوںنوجوانوں نے 132 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی۔




یاد رہے کہ جاری پروگرام کے تحت پاکستان کے دس شہروں میں ٹرائلز ہوں گے، پہلے مرحلے کے تیسرے روز بھٹو کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد اور نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں ٹرائلز لیے گئے، ان میں سینکڑوں نوجوانوں نے فاسٹ بولنگ کے جوہر دکھائے۔ اسلام آباد کے ٹرائل کیمپ میں عبدالقادر کے ساتھ صبیح اظہر و دیگر موجود رہے،اسلام آباد اور کراچی کے ساتھ ملتان، فیصل آباد اور گڑھی خدا بخش میں ایک روزہ ٹرائلز سے تا حال 10 بہترین بولرز دوسرے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

16 اپریل کو پشاور، 17کو کوئٹہ اور ایبٹ آباد،18 اپریل کو آزاد کشمیر (میرپور) اور 20 اپریل کو لاہور میں ٹرائلز منعقد کیے جائینگے۔واضح رہے کہ پہلے راؤنڈ میں ہرشہرسے دو فاسٹ بولرز منتخب ہونگے اور آخرمیں 20 پیسرزدوسرے راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کر لینگے جو 21 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد کیا جائیگا۔
Load Next Story