میاں صاحب اور بھٹوکی کال کوٹھری
میاں نواز شریف جیسے منجھے ہوئے سیاست داں سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی ہے کہ وہ حالات کا ادراک کرنے میں ناکام رہیں گے۔
میاں نواز شریف نے منصف اعلیٰ پر جوڈیشل مارشل لا کا الزام عاید کیا، تو یکدم ذہن میں ذوالفقار علی بھٹو کے پھانسی سے سات گھنٹے قبل کہے جانے والے الفاظ گونجنے لگے۔
یہ 3 اپریل 1979کی شام کا ذکر ہے، جب پاکستان کا معزول وزیر اعظم پنڈی جیل کی ایک کال کوٹھری میں، سوجے ہوئے مسوڑوں کے ساتھ ، زمین پربچھے گدے پر لیٹا تھا اور سپرنٹنڈنٹ جیل اُسے بلیک وارنٹ پڑھ کر سنارہا تھا۔ بھٹو نے اطمینان سے اپنی موت کے پروانے کو لفظ بہ لفظ سنا ۔ شکوہ کیا تو اتنا کہ طریقۂ کار کے مطابق بروقت اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی تحریر حکم نامہ دکھایا گیا ۔
بھٹوکا اطمینان موقعے پر موجود سیکیورٹی سپرنٹنڈنٹ کرنل رفیع الدین کے لیے حیران کن تھا۔ افسر کو جلد اندازہ ہوگیا کہ بھٹو موت کے پروانے کوفقط ڈراما سمجھ رہے ہیں، مگر جب انھیں یہ حقیقت بتائی گئی کہ کرنل قذافی کی پیش کش، برطانوی وزیر اعظم کی درخواست کے باوجود ضیا سرکار نے اُنھیں پھانسی دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے ، تب ایک تبدیل شدہ بھٹو نے کرنل رفیع سے سوال کیا ''کب،کہاں،کیا آج ؟ '' اور اُنھیں جواب ملا '' سات گھنٹے بعد ''
کچھ دیر بعد جب اُنھیں یقین آگیا اورجب وہ اِس صدمے سے کچھ سنبھل گئے، تب اُنھوں نے کہا '' میرے وکلا نے کیس کا ستیاناس کر دیا ، مجھے سبز باغ دکھائے گئے، میری پارٹی کو زندہ نہیں، مردہ بھٹو کی ضرورت تھی۔''
آج، چالیس برس بعدجب ن لیگی کارکن سڑکوں پر اعلیٰ عدلیہ پر تنقید کر رہے ہیں، وزراء عدالتوں پر گرجتے برستے ہیں،حکومتی وکلا جارحانہ روش اختیارکرتے ہیں، مریم نواز ججوںپر کڑی تنقید کرتی ہیں اورمیاں صاحب چیف جسٹس پر جوڈیشل مارشل لاکا سنگین الزام لگاتے ہیں، تو مجھے جیل کی کوٹھری میں بھٹو کے کہے الفاظ یاد آتے ہیں '' میرے وکلا نے کیس کا ستیاناس کر دیا، مجھے سبز باغ دکھائے گئے۔''بھٹو کے اِن الفاظ کے اکلوتے راوی کرنل رفیع الدین ہیں ۔ یہ الفاظ اُن کی کتاب'' بھٹو کے آخری 323 دن '' میں درج ہیں۔ اس بیان کی صحت پر اعتراض ہوسکتا ہے، مگر یہ بات درست ہے کہ قانونی جنگ میں بھٹو کے وکلا سے چند غلطیاں ہوئیں۔
جسٹس نسیم حسن شاہ نے اپنے آخری برس میں ایک انٹرویو کے دوران جہاں اِس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انھیں سزائے موت کے فیصلے سے اختلاف کرنا چاہیے تھا، وہیں یہ بھی کہا کہ بھٹو کے وکلا نے ججز کو ناراض کر دیا تھا ۔ بہ قول اُن کے،'' جب میں نے بھٹو کے وکیل یحییٰ بختیار سے پوچھا کہ کیا وہ سپریم کورٹ میں سزائے موت کے خلاف دلائل دینا چاہتے ہیں؟ تو انھوں نے انکار کر دیا، اور کہا'' مجھے سزا کی کوئی پروا نہیں، یا تو بری کرو، یا جو مرضی سزا دو۔''بھٹو کیس میں اختلافی نوٹ لکھنے والے جسٹس دراب پٹیل نے بھی ایک انٹرویو میں کہا کہ6 فروری 1979 کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر جو ریویو پٹیشن دائر ہوئی ، وہ ایک ہی نکتے پر مرکوز ہونی چاہیے تھی کہ فیصلہ چار تین سے آیا ہے، سزائے موت ختم کی جائے۔
دراب پٹیل کا موقف تھا کہ یحییٰ بختیار کا اِس دلیل کو دیگر سو دلائل کے ساتھ پیش کرنا غلط اقدام تھا۔ الغرض بھٹو اپنی بصیرت، اُن کے وکلا اپنے تجربے اور اُن کی پارٹی اپنی مقبولیت کے باوجود صورت حال کا ادراک کرنے میں چوک گئی اور ایسی ہی غلطی کی مرتکب اب ن لیگ ہورہی ہے ۔آج ہم جانتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور معروضی حقائق کی جنگ میں فاتح کون تھا ۔ بھٹو سمجھتے تھے، اُن کے سر کی قیمت پاکستان ہے، مگر ایسا نہیں تھا۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل مجید قریشی کا بیان کردہ واقعہ اہم ۔ ایک روز بھٹو نے انھیں اپنے ٹرائل سے متعلق ایک امریکی میگزین کا آرٹیکل پڑھنے کے لیے دیا۔
مجید قریشی نے بھٹو کی توجہ میگزین کے ٹائٹل کی سمت مبذول کرائی، جس پر بھٹو اور ضیا الحق ، دونوں کی تصویر تھی، اور درمیان میں پھانسی کا ایک پھندا جھول رہا تھا۔مجید قریشی نے کہا ''بھٹو صاحب ، اِسے سمجھیں۔ یہ سنگین معاملے ہیں۔ ''مگر اُن کے بہ قول، بھٹو نے اُن کی بات کا یقین نہیں کیا ۔ ان کے لیے وہ مقدمہ سیاسی اسٹنٹ تھا۔ تو صاحب، نظریہ الگ شے ہے، معروضی حقائق الگ شے۔کسی سیاست داں کے ماضی کو اُس کے حال سے منہا نہیں کیا جاسکتا۔''کل'' پلٹ کر آتا ہے، ہمیشہ ۔آج میاں صاحب نظریاتی اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہونے کے دعوے دار ہیں، مگر کیا اِس دعوے کی بنیاد پر اُن کے ماضی کے غلط فیصلوںکو نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟
یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے اپنے حواریوں کے ساتھ کی جانے والی اُن کی مربوط کوششوں کو ، میمو گیٹ میں کالا کوٹ پہننے کو ۔۔۔ کیا ہم نظر انداز کرسکتے ہیں؟کیا ہم ن لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کی''جمہوری حکومت'' کی راہ میں کھڑی کی جانے والی مشکلات کو، ''منتخب وزیر اعظم'' کو دیے جانے والے طعنوں، ''معززعدلیہ'' کو مضبوط کرنے کے بلند و بانگ دعوؤںکو نظراندازکرسکتے ہیں؟
جناب والا، آپ شاید اپنی غلطیاں بھول جائیں، مگر وہ زمین اُنھیں نہیں بھول سکتی، جہاں اُن غلطیوں کے بیج گرے ہوں۔ ایک جماعت جو خود تین بار اقتدار میں آئی، جس نے عدلیہ بحالی تحریک چلائی، چیف جسٹس کو بحال کروایا، کیا یہ کہنے کا جواز رکھتی ہے کہ عدالتی نظام میں سقم ہیں؟ اگر ایسا ہے، تو پھراُس کی اپنی کارکردگی اور خلوص پر بھی چند سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔
یہاں کسی کے سر کی قیمت پاکستان نہیں ۔ یہاں کے باسی ، جو صدیوں سے سورماؤں کی پرستش کرتے آئے ہیں، فی الحال اتنے متذبذب ہیں کہ کسی کے لیے گھروں سے نہیں نکلیں گے اور پھر ایسی سرگرمیوں کے لیے یہاں کی آب و ہوا سازگار نہیں۔ن لیگی قیادت جس راہ پر جا رہی ہے، وہ تصادم کی راہ ہے اور اگر یہ تصادم نظریے کے لیے ہو، تب بھی گوارا ، مگر یہاں معاملہ مفادات سے آگے نہیں بڑھتا۔
میاں نواز شریف جیسے منجھے ہوئے سیاست داں سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی ہے کہ وہ حالات کا ادراک کرنے میں ناکام رہیں گے، مگر یہی توقع بھٹو سے بھی نہیں کی جاسکتی تھی۔یاد رہے، حواری، خوشامدی(جن کی جانب شہباز شریف بھی متعدد بار اشارہ کرچکے ) طلسماتی اثر رکھتے ہیں۔ فرد کو معروضی حقائق سے دورایک تخیلاتی دنیا میں لے جاتے ہیں۔کیا میاں نواز شریف بھی ایسی کسی دنیا کی سمت جا رہے ہیں ؟ ایک کوٹھری کی سمت ؟شاید ایسا نہ ہو، شاید یہ سب فقط 2018 کے انتخابات میں اپنے ووٹرزکو متحرک کرنے کا فارمولا ہو، شاید یہ مخالفین پر دباؤ بڑھانے کا نسخہ ہو، شاید ایک تجربہ کار سیاست داں کے طرح اُنھیں ادراک ہوکہ لکیر کہاں ہے۔سیاسی جماعتیں، اچھی بری، نظریاتی، غیرنظریاتی، ایک اثاثہ ہوتی ہیں، بالخصوص اُن ممالک میں، جہاں تین بار مارشل لا لگ چکا ہو۔ مسلم لیگ ن موجودہ سیاسی ڈھانچے کا اہم ترین اثاثہ ہے، جسے کسی صورت ضایع نہیں ہونا چاہیے۔مگر یہ بھی یاد رہے کہ یہاں کسی کے سرکی قیمت پاکستان نہیں ۔