بنگال ٹائیگرز کی حرکتوں نے بورڈ چیف کو شرمندہ کر دیا

آئی سی سی میٹنگ کے دوران بنگلہ دیشی پلیئرزکے رویے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔


Sports Desk April 29, 2018
آئی سی سی میٹنگ کے دوران بنگلہ دیشی پلیئرزکے رویے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ فوٹو: فائل

بنگال ٹائیگرز کی حرکتوں نے بورڈ سربراہ نظم الحسن کو آئی سی سی میٹنگ میں شرمندہ کردیا۔


گزشتہ ہفتے کولکتہ میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگز میں خاص طور پر کھلاڑیوں کے آن اور آف دی فیلڈ رویے کے حوالے سے بات ہوئی،اس کے تدارک کیلیے ایک ریویو کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

میٹنگ کے دوران اس وقت بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کوشرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے کھلاڑیوں کے رویے پر بھی خاص طور پر انگلی اٹھائی گئی۔ گذشتہ ماہ سری لنکا میں کھیلی گئی ٹوئنٹی 20 سیریز کے دوران میزبان ملک سے میچ میں بنگلادیشی کھلاڑی میزبان پلیئرز سے الجھ پڑے تھے۔

کپتان شکیب الحسن کو تو اپنے بیٹسمینوں کو آخری اوور میں میدان چھوڑ کر باہر آنے کا اشارہ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، یہی نہیں بلکہ محمود اللہ کے چھکے پر ملنے والی فتح کے بعد جوش میں آکر بنگلہ دیشی کرکٹرز نے اپنے ڈریسنگ روم کے دروازے کا شیشہ توڑ دیا تھا۔

آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے بعد نظم الحسن جب وطن واپس پہنچے تو میڈیا سے بات چیت کے دوران شرمندگی کا بھی تذکرہ کردیا۔ انھوں نے کہاکہ سب سے بڑا ایشو ہی پلیئرز کا رویہ ہے، ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ جیت اور ہار ہی سب کچھ نہیں ہوتی بلکہ اچھی کرکٹ کھیلنا اس سے بھی زیادہ اہم ہے، جب کرکٹ شروع ہوئی تو حریف پلیئرز کے درمیان اچھے تعلقات ہوا کرتے تھے مگر جیسے ممالک کے درمیان مقابلے بڑھتے گئے دوستی کا خاتمہ ہوتا چلا گیا۔

نظم الحسن نے کہا کہ کوئی ہر قیمت پر صرف فتح حاصل کرنا چاہتا ہے، ہم نے کرکٹ میں بہت سے واقعات دیکھے جن کی کوئی توقع نہیں کرتا تھا، ہم نے میٹنگز میں اس معاملے پر بھی بات کی، آئی سی سی ایک کوڈ آف کنڈکٹ تیار کررہا ہے، ہم سب ممالک اس سے تعاون کیلیے تیار ہیں کیونکہ ہم سب دوست بنانا چاہتے اور ہر ایک کو احترام دینا چاہتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |