سندھ میں 6200 سبسڈائز ٹریکٹرز کے لیے قرعہ اندازی

3825چھوٹے پر2لاکھ،2375 بڑے ٹریکٹرز پر 3 لاکھ کے حساب سے ڈیڑھ ارب سبسڈی


Business Reporter April 29, 2018
متعلقین کے سامنے ضلعی کوٹے پرشفاف قرعہ اندازی کے بعدنام ویب سائٹ پرجاری ہونگے۔ فوٹو: آئی این پی/ فائل

ٹریکٹرز پر زرتلافی کیلیے ایگریکلچر انجینئرنگ اینڈ واٹرمنیجمنٹ سندھ کے ذریعے 18ہزار329 درخواستیں موصول ہو گئیں جب کہ کاشت کاروں کی بینک میں بائیو میٹرک تصدیق اور مصدقہ زمین یا فارم سیون کی جانچ پڑتال کی گئی۔

گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ زراعت سندھ کی جانب سے کاشت کاروں کو زرعی مشینری پرزرتلافی دی جا رہی ہے، ٹریکٹر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی سال2009-10 سے سندھ میں ٹریکٹر کی سبسڈی اسکیم کا آغاز کیا گیا جو تسلسل سے جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 28ہزار 264 ٹریکٹرز پر 7498.10 ملین روپے مالیت کی سبسڈی دی جا چکی ہے، ان ٹریکٹرزکے ذریعے 9لاکھ 48 ہزار 734 ہیکٹرزمین تیار ہو رہی ہے، سال2017-18 کے دوران اسکیم کے تحت 6200 ٹریکٹرزپر 1500 ملین روپے کی سبسڈی رکھی گئی۔

حکومت سندھ نے کاشت کاروں کی حوصلہ افزائی اورپیداوار بڑھانے کے لیے کم سے کم مدت میں ٹریکٹرز کی ڈلیوری کو یقینی بنایا ہے جس کے لیے ریونیو ڈپارٹمنٹ سے آن لائن ویریفکیشن، متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے نمائندے اورکمیٹی ممبران کی موجودگی میں بذریعہ شفاف قرعہ اندازی ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔

اس قرعہ اندازی میں 6200 ٹریکٹرز پر سبسڈی ضلعی کوٹے کے مطابق دی جائے گی جس میں چھوٹے ٹریکٹرزکی تعداد 3825 ہے جن پرفی ٹریکٹر2 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ 2375 بڑے ہارس پاورکے ٹریکٹرزفراہم کیے جائیں گے جن پرفی ٹریکٹرسبسڈی3 لاکھ روپے مقررکی گئی ہے۔

ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کا انعقاد سندھ بینک کا آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کر رہا ہے جوقرعہ اندازی ہوتے ہی فوری طور پرسندھ بینک اورسندھ ایگریکلچر ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹس پر کامیاب کاشت کاروں کے ناموں کی فہرست جاری کردے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں