پاکستان کپ سینئر اسٹارز کی چمک ماند پڑ گئی

فیڈرل ایریاز کیخلاف سندھ کی ٹیم 93رنز پر ڈھیر، سلمان بٹ 18اور عمرامین 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔


Sports Desk April 30, 2018
فاتح ٹیم کیلیے عابد علی 109رنز بنانے میں کامیاب، کامران اکمل کھاتہ نہیں کھول پائے، صہیب 34رنز بناسکے۔ فوٹو: آن لائن

پاکستان کپ میں سینئر اسٹارز کی چمک ماند پڑگئی اور فیڈرل ایریاز اور سندھ کی ٹیموں میں شامل بڑے کھلاڑیوں کے بیٹ خاموش رہے۔

فیصل آباد میں جاری پاکستان ون ڈے کپ میں 243 رنز ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم کا آغاز ہی مایوس کن تھا جب سینئر بیٹسمین سلمان بٹ صرف 18 رنز بناکر آغا سلمان کی گیند سعید نسیم کے ہاتھوں میں سونپ کر میدان سے باہر چلے گئے۔

کپتان عمر امین بھی موقع کی نزاکت کو نہیں سمجھ پائے اور ایک اوور بعد انھوں نے بھی میدان چھوڑ دیا، 12 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی آغا سلمان کا ہی شکار ثابت ہوئے، دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد سندھ کی رفتار سست پڑی مگر وکٹیں گرنے کی رفتار برقرار رہی، افتخار احمد 11 رنز بناکر رضا حسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، رمیز عزیز کو 3 رنز پر عمید آصف نے وکٹ کیپر عابد کی مدد سے قابو کیا۔

عدنان اکمل صرف 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، عامر یامین کو رضاحسن نے متبادل فیلڈر رضا علی ڈار کی مدد سے 6 رنز پر قابو کیا، بلال آصف 8 رنز بناکر وقاص مقصود کی وکٹ بنے، کیچ اویس ضیاء نے تھاما۔ محمد اصغر(2) کو وقاص مقصود نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

خرم شہزاد نے مزاحمت کی کوشش کی مگر 50 بالز پر 25 رنز بناکر آغاسلمان کو باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، عابد علی نے انھیں اسٹمپڈ کرکے ساتھیوں کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا۔

31 ویں اوور کی آخری گیند پر وقاص مقصود نے محمد عرفان (1) کو بولڈ کردیا، اس کے ساتھ ہی سندھ کی اننگز 93 رنز پر تمام ہوگئی۔ وقاص مقصود اور آغاسلمان نے 3، 3 رضا حسن نے 2 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے فیڈرل ایریاز کو بھی آغاز ہی میں زبردست دھچکا پہنچا جب اس کے کپتان کامران اکمل بغیر کھاتہ کھولے عامر یامین کی وکٹ بن گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا کیچ وکٹوں کے عقب میں موجود چھوٹے بھائی عدنان اکمل نے تھاما، اویس ضیاء 9 رنز بناکر جنید خان کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر عابد علی اور صہیب مقصود نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے مجموعے کو 84 تک پہنچایا ہی تھا کہ یہ جوڑی ٹوٹ گئی، صہیب کو 34 رنز پر محمد عرفان نے عدنان اکمل کی مدد سے پویلین کی راہ دکھائی۔ حسین طلعت کو 5 رنز پر جنید خان نے آؤٹ کیا، ان کا کیچ بھی عدنان اکمل کے گلوز میں ہی محفوظ ہوا۔

آغا سلمان نے بلال آصف کی وکٹ بننے سے قبل 26 رنز اسکور کیے، انھوں نے 34 بالز کا سامنا کرنے کے دوران ایک چھکا بھی جڑا، بلال آصف نے اپنے اگلے اوور میں سعد نسیم کو 6 رنز پر آؤٹ کیا، کیچ اس بار بھی محمد اصغر کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، جنھوں نے اس وقت کیچز کی ہیٹ ٹرک مکمل کردی جب عمید آصف (14) کی شاٹ پر بھی گیند ان کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئی، کامیاب بولر جنید خان تھے۔

دوسرے اینڈ پر موجود عابد علی نے 145 بالز پر 109 رنز بنائے جس میں 13 چوکے شامل تھے، وہ محمد عرفان کی گیند پر خرم شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہوئے، اس طرح فیڈرل ایریاز نے 8 وکٹ پر 242 رنز بنائے، وقاص مقصود 29 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عرفان، جنید اور اصغر نے دودو وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں