عراق میں داعش سے تعلق کے الزام میں 29 غیر ملکی خواتین کو عمر قید

مجرم قرار دی گئیں خواتین میں 19 کا تعلق روس،6 کا آذر بائیجان جب کہ 4 کا ازبکستان سے ہے


ویب ڈیسک April 30, 2018
جن خواتین کو سزائیں سنائی گئی ہیں ان میں سے اکثریت کے ساتھ ان کے بچے بھی موجود ہیں فوٹو: فائل

عراق کی ایک عدالت نے داعش سے تعلق کے الزام میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی 29 خواتین کوعمر قید کی سزا سنادی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت کے جج نے داعش سے تعلق رکھنے والی 19 خواتین کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ ان خواتین پر یہ الزام ثابت ہو گیا ہے کہ انہوں نے داعش میں شمولیت اختیار کی اور اس کی مدد کی۔

دوسری جانب عدالت نے آذر بائیجان سے تعلق رکھنے والی 6 جب کہ ازبکستان کی 4 خواتین کو بھی ان ہی الزامات کے تحت عمر قید کی سزائیں سنائیں۔ جن خواتین کو سزائیں سنائی گئی ہیں ان میں سے اکثریت کے ساتھ ان کے بچے بھی موجود ہیں۔ ان خواتین کو اس سزا کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

کمرہ عدالت میں موجود روسی سفارتکار نے عدالتی فیصلے کے بعد کہا کہ ہم ان خواتین کے والدین سے رابطہ کریں گے تاکہ انہیں اس فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ عراقی جیلوں میں 20 ہزار افراد داعش کا رکن ہونے کے شبے میں گرفتار ہیں، عراقی عدالتیں اب تک 300 سے زائد افراد کو داعش سے تعلق کے الزام میں سزائے موت سنا چکی ہیں جن میں درجنوں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں