نواز شریف نے ہمیشہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا آصف زرداری

نوازشریف کی ایسی ہی چال میں آکر اینٹ سے اینٹ والا بیان دیا تھا، سابق صدر

نوازشریف کی ایسی ہی چال میں آکر اینٹ سے اینٹ والا بیان دیا تھا، سابق صدر فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا اور ان کی ایسی ہی چال میں آکر اینٹ سے اینٹ والا بیان دیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے اہم ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان دوریاں کیسے ہوئیں، اس کا راز خود پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے ہی کھول دیا ہے، انہوں نے سینیئر پارٹی قائدین اور بااعتماد صحافیوں کے سامنے حال دل بیان کر دیا ہے۔

'' نواز شریف نے ہمیں ہر موقع پر بیچا ''


آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے قریبی افسر کے ذریعے مجھے مختلف پیغام بھجواتے رہے، ہم نواز شریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ اس سے کہیں زیادہ موقع پرست ہیں، ہم سویلین بالادستی کی نیت سے نواز شریف کی ہاں میں ہاں ملاتے رہے، ہم سیاست اور نواز شریف تجارت کرتے رہے، نواز شریف نے ہمیں ہر موقع پر بیچا، میں سیاست سے ہٹ کر نواز شریف سے سماجی تعلقات رکھنا چاہ رہا تھا لیکن انہوں نے میری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔


آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا، پرویز مشرف کے مواخذے سے لے کر اینٹ سے اینٹ کے بیان تک نواز شریف نے ہاتھ کرایا، میں نے پرویز مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف نے پیچھے ہٹ گئے، انہوں نے پرویز مشرف کے مواخذے میں ساتھ دینے کے لئے شرائط عائد کردی تھیں۔

'' نوازشریف نے پرویز مشرف کے معاملے پر ڈیل کی ''


پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ بنایا تو ہم نے ان کا ساتھ دیا، نواز شریف نے اپنے قریبی افسر کے ذریعے یقین دلوایا کہ وہ پرویز مشرف کو جانے نہیں دیں گے، میں نے یقین کر لیا اور بلے کو جانے نہ دینے کا بیان دیا مگر نواز شریف نے پرویز مشرف کو باہر بھجوا دیا، بعد میں پتہ چلا کہ نواز شریف جب مجھے یقین دلا رہے تھے اس سے پہلے ہی وہ پرویز مشرف کے معاملے پر ڈیل کر چکے تھے۔

'' میرے بیان کا فائدہ اٹھاکر معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی گئی ''


آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے میرے اینٹ والے بیان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی، سندھ میں نیب اور دیگر اداروں کے ذریعے کارروایاں بھی نواز شریف کے کہنے پر ہوئیں، وہ اپنا کیا خود بھگتیں، میں اب کسی صورت اس سے ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔
Load Next Story