کراچی اسلام آباد لاہور سمیت مختلف شہروں میں زلزلہ34 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی

ایف سی کی 52 ونگ کو بھی متاثرہ علاقے میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔


ویب ڈیسک April 16, 2013
ضلع چاغی کے علاقے ماشکیل کے علاقے میں درجنوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے باعث 34 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 44 منٹ پر دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جو 25 سیکنڈز تک جاری رہے۔ زلزلے کا مرکز ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے علاقے سراوان زمین کے اندر 155 کلو میٹر گہرائی میں تھااور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی، پاکستان کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے ایران، افغانستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور بھارت میں بھی محسوس کئے گئے۔

پاک ایران سرحد سے ملحقہ بلوچستان کا ضلع چاغی میں ماشکیل کے علاقے میں درجنوں مکانات اور دکانیں تباہ ہوگئی ہیں جس کے باعث ملبے تلے دب کر 34 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، دور افتادہ مقام ہونے کی وجہ سے مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکال رہے ہیں تاہم اب پاک فوج بھی امدادی کاموں میں شامل ہوگئی ہے اس کے علاوہ ایف سی کی 62 ونگ کو بھی متاثرہ علاقے میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق طبی عملے کو بھی ضروری سامان کے ساتھ بھجوا دیا گیا ہے۔

زلزلے کے سب سے شدید جھٹکے کراچی میں محسوس کئے گئے، زلزلے کے باعث طارق روڈ، گلشن اقبال اور کھارادر میں املاک کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد، ٹنڈوالہیار، سکھر، کوئٹہ، حب، خضدار، سبی ، ہرنائی، لاہور، ملتان، لیہ، لودھرا، سرگودھا،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان اور گلگت بلتستان میں بھی محسوس کئے گئے۔

زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکل کر سڑکوں اور پارکوں میں آگئے، کئی مقامات پر مساجد سے اذانیں بھی دی گئیں، اس موقع پر لوگ اپنے پیاروں کی خیریت کے لئے بھی رابطے کرتے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |