ایران میں زلزلے سے 50 سے زائد افراد ہلاک سیکڑوں زخمی
ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں زلزلے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ایران کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 14 منٹ پر آنے والے زلزلے کا پاکستان سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کے علاقے سراوان میں زمین کے اندر 155 کلو میٹر گہرائی میں تھا اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی شدت پاکستان، افغانستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور بھارت میں بھی محسوس کی گئی تاہم زلزلے کے باعث سب سے زیادہ تباہی ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں ہوئی ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق علاقے میں گزشتہ 40 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے بھیانک زلزلہ ہے۔ علاقے میں عمارتیں اور مکانات زمین بوس جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ ایرانی حکام نے ابتدائی طور پر اس تباہی کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد کی ہلاکت جبکہ 1200 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم زلزلے کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقہ صحرائی ہے اور اس علاقے میں کافی فاصلوں پر چھوٹے چھوٹے گاؤں آباد ہیں۔ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ ایرانی ہلالِ احمر نے متاثرہ علاقوں میں 20 امدادی ٹیمیں اور 3 ہیلی کاپٹر بھیج دیئے ہیں۔