عوام 11مئی کوکرپشن میں ڈوبے سابق حکمرانوں کا احتساب کریں گے نواز شریف

ہمارے دورمیں پاکستان کی خود مختاری کا احترام کیا جاتا تھا لیکن آج ہماری خود مختاری داؤ پر لگی ہوئی ہے، نواز شریف


ویب ڈیسک April 16, 2013
قوم ایسے لوگوں کا ضروراحتساب کرے گی جنہوں نے 5 سال تک سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہیں مانا، نواز شریف فوٹو: پی پی آئی/ فائل

نواز شریف نے کہا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ(ن) کا ہو گا اورقوم 11مئی کو کرپشن میں ڈوبے اورملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے سابق حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔

حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ایک منتخب حکومت کا احتساب کرنے اور ایک نئی حکومت منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے یہ بہت بڑی پیش رفت ہےاور قوم 11 مئی کو ان لوگوں کا احتساب کرے گی جنہوں نے عوام کو اندھیروں میں دھکیلا، بجلی، گیس سے محروم رکھا، کارخانوں کو بند کیا،کاشت کاروں کا خون چوسا اورروزگار کے مواقع پیدا نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے لوگوں کا ضروراحتساب کرے گی جنہوں نے 5 سال تک سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہیں مانا، پیپلزپارٹی کی حکومت کے ایک وزیراعظم کو سپریم کورٹ نے گھر بھیجا اور دوسرے کے کاغذات مسترد ہو گئے۔

مسلم لیگ(ن)کے صدر نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، ہمارے دور حکومت میں سبز ہلالی پرچم کی دنیا میں عزت کی جاتی تھی، پاکستان کی خود مختاری کا سب احترام کرتے تھے لیکن آج پاکستان کی خود مختاری داؤ پر لگی ہوئی ہے، کراچی اور بلوچستان میں حالات کشیدہ ہیں اورلوگوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، ہم تنزلی کی ایک مثال بنے ہوئے ہیں اور میں ان خراب حالات کے خلاف جہاد کا اعلان کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں