فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی میرا مشن ہے شہزاد رفیق

’’عشق خدا‘‘ کے 17مئی کو ٹورنٹو اور 25مئی کو سارک فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمئرز ہونگے


Cultural Reporter April 17, 2013
شہزاد رفیق نے کہا کہ آج ہمارا نام اور شہرت فلم ٹریڈ کی وجہ سے ہے اور اگر یہ زندہ ہے تم ہم زندہ ہیں۔ فوٹو : فائل

''عشق خدا'' کے 17مئی کو ٹورنٹو اور 25مئی کو سارک فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمئرز ہونگے، جس کا کریڈٹ پی این سی اے کو جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پروڈیوسر وڈائریکٹر شہزاد رفیق نے میٹروپول سینما میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سیدنور، سنگیتا،میرا، فیاض خان، جونی ملک، چوہدری اعجاز کامران، پرویز کلیم، قیصرثنا اللہ خان، شوکت زمان، راشد محمود بھی موجود تھے۔ شہزاد رفیق نے کہا کہ پاکستان فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی ہی میرا مشن ہے جو آخری سانس تک جاری رہیگا۔

انھوں نے کہا کہ آج ہمارا نام اور شہرت فلم ٹریڈ کی وجہ سے ہے اور اگر یہ زندہ ہے تم ہم زندہ ہیں۔ میں اپنی فلم ''عشق خدا'' کی پوری ٹیم ، فلم انڈسٹری اور میڈیا کا بے حد شکرادا کرتا ہوں ،جنہوں نے ہر موقع پر میرا ساتھ دیا ہے۔ عشق خدا کی عکسبندی سوات ، وادی سون اور کالا باغ ڈیم سمیت ایسے مقامات پر کی گئی۔

جہاں پر سہولیات نہ ہونے کی برابر تھی ، خاص طور پر سوات میں جہاں میرا اور احسن خان پر گانے فوج کے تعاون سے انتہائی پرسکون ماحول میں کیے اور دونوں فنکاراور پوری ٹیم نے بھی میرا ساتھ پورا تعاون کیا۔شہزاد رفیق نے چوہدری اعجاز کامران کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کی جانیوالی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جب رائل پارک میں ویرانیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اس میں اعجاز کامران کا واحد دفتر ہے جو فلم انڈسٹری کا مرکز بنا ہواہے جہاں وہ اپنے بزرگوں کی روایات کو جاری رکھتے ہوئے ہر روز ایک نئے عزم کے ساتھ فلم ٹریڈ کی بحالی میں لگے ہوئے ہیں۔



میں سیدنور، سنگیتا ، قیصر ثنا اللہ خان ، اعجاز کامران اور میڈیا سمیت تمام دوستوں کا بے حد مشکور ہوں جو میری میوزک لانچنگ میں بھی میری حوصلہ افزائی کے لیے آئے۔اس موقع پر سیدنو رنے کہا کہ فلم انڈسٹری جن مسائل سے گزر رہی ہے اس کے لیے صرف سوچنا ہی نہیں بلکہ عملی طور پر کرنا بھی چاہیے، میری ہر عید پر فلم ریلیز ہوتی ہے مگر اس بار عید پر فلم ریلیز نہیں کر رہا ۔

جس کا مقصد فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا ہے تاکہ اچھی اور معیاری فلمسازی کو فروغ دیا جاسکے۔ ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا کہ شہزاد رفیق میرا مستقبل ہے اور میری خدمات حاضر ہیں مجھے جب بھی بلایا جائیگا میں آونگی اور عیدالفطر پر عشق خدا دیکھنے اور پروموٹ کرنے آونگی۔ دریں اثنا سیدنور، سنگیتا، شہزادر فیق، میرا سمیت تمام لوگوں نے اعلان کیا کہ ''عشق خدا'' عیدالفطر پر ریلیز ہوگی اور اس کے بعد ''عشق خدا'' کے فوٹو سیٹ کا افتتاح کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں