رانا ثناءاللہ کے بیان پر کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں شہباز شریف

الیکشن میں سب کو یکساں مواقع ملنے سے ہی پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک May 01, 2018
الیکشن میں سب کو یکساں مواقع ملنے سے ہی پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔

لاہور میں سی پی این ای کے وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سرسے پیر تک کرپشن میں ڈوبے سیاستدان قوم کو نصیحتیں کر رہے ہیں، دنیا جانتی ہے کہ ان سیاستدانوں نے سیکڑوں ارب روپے کی کرپشن کی جب کہ الیکشن میں سب کو یکساں مواقع ملنے سے ہی پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب کا سورج پنجاب پرہی چمک رہا ہے اور اگر کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکا اٹھایا ہے تو خاتمہ ہر طرف ہونا چاہیے، یہ نہیں ہوگا ایک کی کرپشن نظرانداز کریں اوردوسرے پرعقابی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم الیکشن کی طرف جا رہی ہے، امید ہے کہ فری اور فیئر الیکشن ہوں گے کیوں کہ اسی میں جمہوریت اور پاکستان کی بقا ہے، ووٹر کارکردگی پر ہی ووٹ ڈالیں گے، اور اس ضمن میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ عمران خان خواتین کا کتنا احترام کرتے ہیں یہ سب کو پتہ ہے، رانا ثنااللہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خوا ہ ہوں جب کہ حقائق کو حقائق کے طو رپر سامنے لایا جانا چاہیے اسی میں پاکستان کا فائدہ ہے، بے بنیاد الزامات پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کے پی میں 11 نکات پر عملدرآمد کرنے کا شاندار موقع ملا لیکن انہوں نے فائدہ نہیں اٹھایا تاہم ہم نے پنجاب میں ہر شعبہ کی بہتری کے لئے شاندار اقدامات کئے اور ہر پروگرام میں جنوبی پنجاب کا کوٹہ 10فیصد زائد رکھا۔

واضح رہے کہ رانا ثنااللہ نے 29 اپریل کو پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین گھریلو نہیں تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں