اچھی کہانی جاندار ڈائیلاگ سے ہی فلم کی کامیابی ممکن ہے قرۃ العین

ہماری فلموں میں جدید ٹیکنالوجی تودکھائی دیتی ہے لیکن ڈائیلاگ کے ذریعے شائقین کوانٹرٹین کرنے کا رجحان فروغ نہیں پا سکا


Qaiser Iftikhar May 02, 2018
ماضی کی بات کریں توآج کی نوجوان نسل کو’’مولا جٹ ‘‘ جیسی فلم کے ڈائیلاگ یاد ہیں:اداکارہ وماڈل کی ’’ ایکسپریس ‘‘ سے گفتگو فوٹو : فائل

اداکارہ وماڈل قرۃ العین المعروف عینی نے کہا ہے کہ جب تک ہماری فلموں کے سکرپٹ اورڈائیلاگ پرتوجہ نہیں دی جائے گی تب تک فلموں کی کامیابی کے ساتھ ساتھ فنکاروں کی مقبولیت بھی ممکن نہیں ہوگی۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے '' ایکسپریس '' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ قرۃ العین نے کہا کہ دنیا بھرمیں بننے والی فلموں میں سب سے زیادہ اہمیت اسکرین پلے اوراس فنکاروں کے ڈائیلاگز پردی جاتی ہے لیکن ہمارے ہاں بننے والی فلموں میں جدید ٹیکنالوجی تودکھائی دیتی ہے لیکن اس کی کہانی کوجاندار بنانے اورڈائیلاگ کے ذریعے شائقین کوانٹرٹین کرنے کا رجحان فی الحال فروغ نہیں پا سکا۔

جس سے ایک بات ثابت ہوتی ہے کہ کثیرسرمائے اورجدیدٹیکنالوجی فلم کی کامیابی میں کوئی کردارادا نہیں کرتے بلکہ فلم کی کامیابی تواچھی کہانی کے ذریعے ہی ممکن ہوپاتی ہے۔ اگردیکھا جائے توشائقین کواپنی توجہ کا مرکزبنانے کیلیے اس وقت بالی وڈ میں بننے والی ایکشن فلموں میں اس بات پرخاص توجہ دی جاتی ہے کہ ڈائیلاگ جاندارہوں۔ جب کوئی ہیرو اپنے کردارکی ڈیمانڈ کے مطابق ولن کوللکارتا ہے تو وہ ڈائیلاگ راتوں رات سوشل میڈیا پربھی لوگوںکی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ لیکن بدقسمتی کہہ لیں یا عقل کی کمی کہ ہمارے ہاں فلم میکرز ان باتوں پربالکل بھی توجہ نہیں دیتے۔ حالانکہ ماضی کی بات کریں توآج کی نوجوان نسل کو' مولا جٹ ' جیسی فلم کے ڈائیلاگ آج بھی یاد ہیں۔

یہی وہ انداز ہے جوشائقین کواپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ نوجوان فلم میکرز فلم کیلیے خوبصورت لوکیشنز تلاش کرنے سے پہلے اگراچھے سکرپٹ اورڈائیلاگ پرتوجہ دیں توہمارے سینما گھروں سے بھارتی فلموں کی چھٹی ہوسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت کچھ نئے پروجیکٹس میں کام کی آفرز ہوئی ہیں لیکن میں نے صرف اس لیے انکارکردیا ہے کہ مجھے آئندہ اچھے سکرپٹ اورجاندارکرداروالی فلموں میں ہی کام کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں