چیمپئنز ٹرافی ہاکی پلیئرز کی ایبٹ آباد میں مشقیں

پلیئرز کی فٹنس جانچنے کیلیے 4 سو اور 8سو میٹر کی ریس، اویس اور عمر حامدی بھی کیمپ میں طلب

پلیئرز کی فٹنس جانچنے کیلیے 4 سو اور 8سو میٹر کی ریس، فوٹو: فائل

آئندہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا ایبٹ آباد میں آغاز ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق 2 مزید کھلاڑیوں اویس اور عمر حامدی کو بھی طلب کر لیا گیا جس کے بعد کیمپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 40 ہو گئی ہے، جنید، نوید عالم، غضنفر سمیت جونیئر ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کراچی میں ٹریننگ کی وجہ سے 3، 4 روز میں کیمپ جوائن کر لیں گے۔ ہالینڈ میں لیگ کھیلنے میں مصروف قومی کپتان رضوان سینئر اور راشد کراچی میں شیڈول کیمپ میں ٹیم کو جوائن کریں گے، ابتدائی روز پلیئرز کی 400 میٹر، بعد ازاں 800 میٹرز دوڑیں لگوا کر ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے جون میں ہالینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی باقاعدہ تیاریوں کا آغازکردیا ہے۔

کیمپ کیلیے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے 38کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، وقار، محمد عرفان سینئر، راشد محمود، محمد فیصل قادر، محمد علیم بلال، تعظیم الحسن، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، جنید منظور، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد رضوان سینئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، غضنفر علی، عبدالوحید اشرف، اظفر یعقوب، محمد عتیق، محمد ارسلان قادر، اعجاز احمد، سمیع اللہ، رانا سہیل ریاض، عرفان جونیئر، محمد دلبر، نوید عالم، اسد عزیز، محمد بلال قادر، محمد رضوان، محمد جنید کمال،خضر حیات، تیمور ملک اور محمد عاطف مشتاق کا انتخاب کیا تھا تاہم اب مزید 2 کھلاڑیوں اویس اور عمر حامدی کو بھی کیمپ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔


کیمپ میں گزشتہ روز ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنزٹیم منیجر حسن سردار، کوچز محمد ثقلین اور ریحان بٹ اور آسٹریلوی ٹرینر بھی موجود رہے۔ ذرائع کے مطابق کیمپ کے آغاز میں پلیئرز کی 400 میٹر، بعد ازاں 800 میٹرز دوڑیں لگوا کر ان کی فٹنس کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی، شام کے سیشن میں کھلاڑیوں کی جم ٹریننگ کے بعد ایک بار پھر فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، کھلاڑیوں کی ایبٹ آباد میں ٹریننگ کا سلسلہ 15مئی تک جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 23 جون سے شروع ہو کر یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری رہے گی جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کیخلاف 23 جون کومدمقابل ہو گی، 24 جون کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا، 26 جون کو گرین شرٹس ہالینڈ کیخلاف ایکشن میں دکھائی دینگے،28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کو بیلجیئم کیخلاف نبرد آزما ہوگی۔ چیمپئن ٹرافی کا فائنل یکم جولائی کوہوگا، پاکستان کو اب 3 بارچیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے، 1978اور 1980 کے ابتدائی ایڈیشن جیتنے کے بعد گرین شرٹس نے آخری بار1994 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ ادھر ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کی فٹنس پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔

ایک عہدیدارکے مطابق ابتدائی دن کے ٹیسٹ میں پلیئرز کی فٹنس تسلی بخش قرارپائی ہے،کیمپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں موجود خامیوں پرآئندہ دنوں میں قابو پا لیا جائیگا۔ان کے مطابق موجودہ ماڈرن ہاکی میں کھلاڑیوں کی فٹنس کوغیرمعمولی بنائے بغیرعالمی سطح پر نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے، بھر پور تیاریوں کیساتھ چیمپئنزٹرافی کا حصہ بنیں گے اوراچھے نتائج دینے کی کوشش کریںگے۔
Load Next Story