پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ سوئی گیس نے حریف بیٹنگ بھک سے اُڑا دی

نامی گرامی بیٹسمینوں سےسجی حبیب بینک کی ٹیم111رنز پرڈھیرہوگئی، سوئی ناردرن کی سائیڈ8 وکٹ سےفتح حاصل کی۔


Sports Desk/Sports Reporter April 17, 2013
حفیظ کی نصف سنچری،بینک کے آفریدی اور عبدالرحمان نے26، 26 رنز بنائے، یونس خان نے گیندوں کی ففٹی مکمل کی مگر رنز صرف 19 ہی بنا پائے فوٹو : فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں سوئی گیس نے حبیب بینک کی بیٹنگ بھک سے اڑا دی۔

نامی گرامی بیٹسمینوں سے سجی ٹیم111 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سوئی ناردرن کی سائیڈ8 وکٹ سے فتح حاصل کر کے فائنل میں پہنچ گئی،112کا ہدف 23.5 اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کیا، محمد حفیظ 62 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے، اس سے پہلے بینک کے شاہد آفریدی اور ٹیل اینڈر عبدالرحمان نے 26، 26 رنز بنائے، یونس خان نے گیندوں کی ففٹی مکمل کی مگر رنز صرف 19 ہی بنا پائے،اس سے واضح ہو گیا کہ انھیں کیوں قومی ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، عمران فرحت کی کہانی 9 پر تمام ہوئی، احمد شہزاد کو کھاتہ تک کھولنے کا موقع نہیں ملا۔

بلاول بھٹی نے 3 جبکہ سمیع اللہ خان، اسد علی اور یاسر شاہ نے دو،دو وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں سوئی ناردرن نے 112رنز کا آسان ہدف دو وکٹ پر 23.5اوورز میں ہی حاصل کرلیا، توفیق عمر 39 گیندوں پرایک چوکے کی مدد سے 23رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے،اوپنر محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 70 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے، ان میں ایک بلند و بالا چھکا اور9 چوکے شامل تھے، انھیں عبدالرحمان نے احسان عادل کی مدد سے قابو کیا۔

ناقابل شکست رہنے والے اظہر علی نے 21 گیندوں پر 2 چوکوں کی بدولت 13 رنز بنائے، عمر اکمل 13گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے،عبدالرحمان اور شاہد آفریدی نے1،1 وکٹ اپنے نام کی، محمد حفیظ نے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔قبل ازیں سوئی ناردرن کے کپتان مصباح الحق کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، فاسٹ بولرز نے وکٹ پر نمی کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔



حریف تجربہ کار بیٹسمین سوئنگ اور بریک ہونے والی گیندوں کا سامنا نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے مایوس قدموں کے ساتھ واپس پویلین لوٹتے رہے،7 کھلاڑی ڈبل فیگرمیں بھی نہ پہنچ پائے، حبیب بینک کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں ہی محض 111 رنز اسکور بورڈ پر سجا کر میدان سے باہر چلی گئی، ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے احمد شہزاد اس مرتبہ کھاتہ تک کھولنے میں ناکام رہے، انھیں اسد علی نے پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو کردیا، دوسرے اوپنر عمران فرحت 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ، سمیع اللہ خان کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان نے کیچ تھاما۔

اسد شفیق بھی کوئی رن بنائے بغیر سمیع اللہ خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے، حسن رضا( 6) کو اسد علی نے اپنی وکٹ بنایا، شاہد آفریدی نے کچھ مزاحمت کی مگر 27گیندوں پر 26 رنز بناکر ہمت ہار گئے، انھیں بلاول بھٹی نے توفیق عمر کی مدد سے قابو کیا، کپتان یونس خان 52 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود صرف 19 رنز بنا پائے، وہ یاسر شاہ کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، فہد مسعود (1) کو بلاول بھٹی نے ٹھکانے لگایا،ہمایوں فرحت(8) کو یاسر شاہ نے حفیظ کی مدد سے قابو کیا،احسان عادل (11) محمد حفیظ کی گیند پر عمراکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

ٹیل اینڈر عبدالرحمان نے ٹیم کا بُرا حشر دیکھ کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی، انھوں نے بلاول کی تیسری وکٹ بننے سے قبل 26 رنز بنائے،ان کا کیچ عمراکمل نے تھاما۔ بلاول بھٹی نے 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑی ٹھکانے لگائے، سمیع اللہ نیازی، اسد علی اور یاسر شاہ کے حصہ میں 2،2 وکٹیں آئیں۔ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو نیشنل بینک اور واپڈاکے درمیان کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں