گریگ چیپل بھی پاکستان کے نوجوان شاہینوں کی صلاحیتوں کے معترف 

ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن پاکستانی کھلاڑی اعتماد کی بدولت سیریز میں واپس آئے، گریگ چیپل

جاوید میاں داد اور عمران خان بہترین کرکٹرز کی حیثیت سے نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، گریگ چیپل فوٹو: فائل

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریگ چیپل پاکستان کی انڈر 16 ٹیم کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے ہیں۔

پاکستان جونیئر ٹیم کے کوچ محمد مسرور نے دورہ آسٹریلیا کے بعد وطن واپسی پر بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی جونیئر سیریز میں آخری میچ کے بعد گریگ چیپل پاکستان کے ڈریسنگ روم پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے سیریز ڈرا کرنے والے مہمان سائیڈ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت اور جذبہ کی تعریف کی۔

84 ٹیسٹ کھیلنے والے گریگ چیپل ان دنوں آسٹریلیا جونیئر کرکٹ کے نگران کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں، انہوں نے پاکستانی جونیئر کرکٹرز کو 10 منٹ کا مفصل لیکچر دیا اور کھیل کے حوالے سے مختلف رموز سے آگاہی دی، انہوں نے کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو فٹنس اور مہارت پر بھر پور توجہ دینے اور خود کو ذہنی طور پر مضبوط تر بنانے پر بھی زور دیا۔


69 سالہ گریگ چیپل نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے والے جانتے ہیں کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ مختلف ہوتی ہیں اور مہمان ٹیموں کے لیے خود کو ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، یہ امر خوش کن رہا کہ پاکستان کے جونیئر کھلاڑی سیریز کے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد اعتماد کی بدولت سیریز میں واپس آئے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے، اپنا مقام بنانے کے لیے کوشاں کرکٹرز کو ہار جیت سے قطع نظر سیکھنے کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے اپنے کھیل میں نکھار لانا چاہیے۔

گریگ چیپل نے کہا کہ پاکستان کے جاوید میاں داد اور عمران خان بہترین کرکٹرز کی حیثیت سے نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، یہ دونوں کھلاڑی خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت سے مالا مال تھے جس سے ان کی کارکردگی بھی بہتر ہوجاتی تھی جوٹیم کے لیے معاون اور مددگار رہتی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی انڈر 16 ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی، جس میں آسٹریلیا نے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی جب کہ واحد ٹی 20 میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو ہرایا تھا۔
Load Next Story