پاکستان خیرسگالی کے طور پر 20 سالہ جتیندرا کو بھارت کے حوالے کرے گا

بھارتی شہری 5 سال پہلے غلطی سے بارڈرکراس کرکے پاکستان میں داخل ہوگیا تھا۔

بھارت جتیندراارجن وارا کو اپنا شہری ماننے سے انکار کرتا رہا ۔ فوٹو : ایکسپریس

پانچ سال پہلے غلطی سے بارڈرکراس کرکے پاکستان میں داخل ہونے والے تھیلیسمیا کے شکار 20 سالہ جتیندراارجن وارا کو کل خیرسگالی طور پر بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 20 سالہ جتیندرا ارجن وارا بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کےعلاقے برگھت کا رہائشی ہے جو 12 اگست 2013 میں گھر والوں سے ناراض ہوکر راجستھان کے علاقے سے بارڈر کراس کرکے پاکستان پہنچ گیا تھا جب کہ بھارتی شہری کو حیدرآباد کی سینٹرل جیل میں رکھا گیا اور اسے ایک سال کی سزاسنائی گئی تھی۔


پاکستانی حکام نے جتیندرا ارجن وارا کی شہریت کی تصدیق کے لئے بھارت کو خطوط لکھے لیکن بھارت نے اسے اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکارکردیا تھا تاہم چند ماہ پہلے بھارت نے اس کی شہریت کی تصدیق کی جس کے بعد پاکستان نے اسے واپس بھیجنے کا عندیہ دیا۔ خون کی بیماری تھیلیسمیا کا شکار ہونے کی وجہ سے بھارتی شہری کا علاج معالجہ بھی کیا جاتا رہا ہے، جتیندرکو کراچی سے لاہور پہنچایا گیا اور یہاں ایک سرکاری اسپتال میں اسے تازہ خون بھی لگایا گیا ہے جب کہ بھارتی شہری کو کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی جتیندراارجن وارا کو بھارت کے حوالے کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جتیندرا 2014 میں پاکستان سے گرفتار ہوا تھا اور اسی سال جولائی میں اس کی سزا بھی ختم ہوگئی جب کہ بھارت نے گزشتہ ماہ جتندرا کی بھارتی شہری ہونے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد اسے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story