سنکرونائزڈ سوئمنگ میں روس کا مسلسل چوتھا کلین سوئپ مکمل

سنگلز ٹائٹل بھی روس نے منگل کو اپنے نام کیا تھا۔


Sports Desk/AFP August 11, 2012
لندن اولمپکس: سنکرونائزڈ سوئمنگ مقابلوں کے ٹیم فری روٹین فائنل میں برطانیہ کی کیٹ اسکلٹن، اولیویا فیڈرکی، کیٹی کلارک، جینیفر نوبز، کیٹی ڈاوکنزدیگر شریک،مقابلوں میں روس نے پہلی پوزیشن حاصل کی (فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس میں روس نے سنکرونائزڈ سوئمنگ میں مسلسل چوتھا کلین سوئپ مکمل کرتے ہوئے دونوں گولڈ میڈلز جیت لیے، جمعے کو بھی گولڈ میڈلز کیلیے امریکا اور چین میں سخت مقابلہ رہا،آخری اطلاعات موصول ہونے تک امریکا 39 طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے، اسکے مجموعی 90 میڈلز میں 25 سلور اور26 برانز شامل ہیں،

چین37گولڈ، 25 چاندی اور 19 کانسی کے تمغے لیکر دوسرے نمبر پر ہے، برطانیہ نے 25 ، روس نے 13 اور جنوبی کوریا نے 12 سونے کے تمغے اپنے نام کر لیے۔تفصیلات کے مطابق ہاٹ فیورٹ روس نے سنکرونائزڈ سوئمنگ میں ویمنز ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت کر کھیل میں اپنی بالادستی برقرار رکھی، ٹیم کا مجموعی اسکور 197.030 رہا، یہ اولمپکس میں ان کا لگاتار چوتھا کلین سوئپ بنا،2000 کے سڈنی گیمز سے روس نے اس کھیل میں اپنی اجارہ داری قائم کررکھی ہے،

سنگلز ٹائٹل بھی روس نے منگل کو اپنے نام کیا تھا، اس طرح دونوں میڈلز روس نے اپنے قبضے میں کرلیے،فاتح ٹیم اناستاسیا ڈیویڈووا، الویرا کیشونووا، ماریا گرومووا، نٹالیا ایساچنکو، ڈیریا کوروبووا، الیگزینڈرا پاستکووچ ، سویٹلانا روماشینا اور انزیلکا تیمانینا پر مشتمل رہی، چین نے سلور جبکہ اسپین نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔سائیکلنگ مینز بی ایم ایکس میں لٹویا کے مارس اسٹروم برگز اعزاز کے دفاع میں سرخرو رہے،

انھوں نے چار برس قبل گیمز کے ڈیبیو پر بھی بیجنگ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا، آسٹریلیا کے سام ولوگبے نے سلور اور کولمبیا کے کارلوس اوکیونڈو نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ویمنز بی ایم ایکس سائیکلنگ ایونٹ میںکولمبیا کی ماریانا پیجون نے اپنے ملک کیلیے پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا،

نیوزی لینڈ کی سارا والکر نے چاندی جبکہ ڈچ سائیکلسٹ لیورا سملڈرز نے کانسی کا تمغہ اپنے قابو میں کیا، برطانوی امیدوں کی محور شانزے ریڈی نے چھٹی پوزیشن پائی۔سوئمنگ کا 10 کلومیٹر میراتھن مقابلہ تیونس کے اوس سامہ میلوئیلی نے بیماری کے باوجود جیت لیا، 28 سالہ تیراک کو رواں ہفتے کے آغاز پر وائرس کے حملے کا سامنا رہا تھا،انھوں نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹے 49 منٹ 55.1 سیکنڈز میں طے کیا۔

جرمنی کے تھامس لورز نے دوسری جبکہ کینیڈا کے رچرڈ وینبرگر نے تیسری پوزیشن پائی، کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میلوئیلی نے کہا کہ 48 گھنٹے قبل میں بیمار اور پانی میں اترنے کے قابل بھی نہیں تھا، میرے لیے یہ تاریخی فتح کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔خواتین کشتی رانی کے 470 کلاس مقابلے میں نیوزی لینڈ کی جو ایلی اور اولیویا پووری نے گولڈ میڈل پایا،ہینا ملز اور ساسکیا کلارک کی برطانوی ٹیم نے دوسری پوزیشن کے ساتھ نقرئی تمغہ اپنے نام کیا،

ہالینڈ کی خواتین لیزا ویسٹرہوف اور لوبیک بریکہوٹ نے برانز میڈل جیتا۔مینز470 میں تین مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلوی کشتی رانوں میتھیو بیچلر اور میلکولم پیج نے باآسانی فتح کو گلے لگالیا، برطانیہ نے دوسری اور ارجنٹائن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔خاتون جیڈجونز نے تائیکوانڈ میں برطانیہ کیلیے پہلا گولڈ میڈل جیتا، انھوں نے ویمن 57 کے جی فائنل میں چین کی یوژو ہو کو ٹھکانے لگایا۔ ایتھلیٹکس کے مینز ڈیکتھلون میں امریکا کے ایشٹون ایٹوں نے گولڈ میڈل ہتھیالیا۔جمہوریہ چیک کی باربورا اسپوٹاکووا نے ویمنز جیولین ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا،

انھوں نے 69.55 میٹر کی دوری پر تھرو کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔جرمنی کی کرسٹینا نے سلور جبکہ ان کی ہموطن لینڈا نے برانز میڈل جیتا۔مینز بیچ والی بال میں جرمن کھلاڑیوں جوناس ریکرمین اور جولیس برنک نے پہلے یورپئن اولمپک چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، انھوں نے فائنل میں برازیلین حریفوں ایمانویل ریگو اور ایلیسون کو2-1 سے مات دی، لٹویا نے نیدرلینڈز کو ہرا کر برانز میڈل پر ہاتھ صاف کیا۔کینیا کے ڈیوڈ روڈیشا نے مینز 800 میٹر اولمپک ٹائٹل جیت کر ورلڈ ریکارڈ بنایا،

انھوں نے مقررہ فاصلہ 1 منٹ40.91 سیکنڈز میں طے کیا۔ویمنز فری اسٹائل ریسلنگ 55 کے جی میں جاپان کی سائوری یوشیدا نے میدان مارلیا۔10 میٹر پلیٹ فارم ڈائیونگ کا تاج چین کی چین روئلن نے اپنے سرپر سجالیا۔امریکن ورلڈ چیمپئن کرسٹیان نے مینز ٹرپل جمپ میں طلائی تمغہ جیتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں