امریکی پوسٹل اتھارٹی نے سینیٹر راجر ویکر کو لکھے گئے خط سے زہریلے مواد کی برآمدگی کا انکشاف کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی پوسٹل اتھارٹی خطوں کی معمول کے مطابق ان کے پتوں تک پہنچانے سے متعلق چھانٹی کررہے تھے تو انہیں ری پبلکن سینیٹر راجر ویکرکے نام لکھا گیا ایک خط ملا جس کو ان تک پہنچانے سے قبل ہی چیک کیا گیا تو اس کے اندرسے زہریلا مواد برآمد ہوا۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ مولر اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری جینٹ نیپو لیٹانو نے ارکان سینیٹ کو اپنی بریفنگ میں کہا کہ امریکی تحقیقاتی ادارے زہریلے مواد کی برآمدگی اور بوسٹن دھماکوں کی تفتیش کررہے ہیں تاہم تحقیقات کے مکمل ہونے تک انہیں ایک دوسرے کے ساتھ منسلک نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ 2001 میں وائٹ ہاؤس اور دیگر اہم اداروں کو ملنے والے لفافوں میں اینتھریکسس پاؤڈر ملنے کے بعد امریکی حکام کے لئے آنے والی ڈاک کی مکمل جانچ پڑتال کی جاتی ہے جس کے بعد وہ مراسلے متعلقہ حکام تک بھیجے جاتے ہیں۔