جان بوجھ کرصنعتوں کو بجلی اور گیس سے محروم رکھا جارہا ہے چیرمین اپٹما

حالات تشویشناک حد تک پہنچ چکے ہیں اوراگر ان پر اب بھی قابو نہیں پایا گیا تو بعد میں قابو پانا بہت مشکل ہوگا، احسن بشیر

اگر آئندہ ہفتے سے 5 روز گیس نہیں ملی تو کسی لوڈ مینجمنٹ کو نہیں مانیں گے، سابق چیئرمین اپٹما گوہر اعجاز فوٹو : ایکسپریس

KARACHI:
اپٹما کے چیئرمین احسن بشیر نے کہا ہے کہ صنعتوں کو جان بوجھ کر بجلی اور گیس سے محروم رکھا جارہا ہے۔


لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن بشیر نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 8 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، پہلے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی لیکن آج جتنی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اتنی 5 برسوں میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری پہلے ہی بحران کا شکار ہے لیکن اب حالات تشویشناک حد تک پہنچ چکے ہیں اور اگر اب بھی ان حالات پر قابو نہیں پایا گیا تو پھر بعد میں قابو پانا بہت مشکل ہوگا۔

اس موقع پر سابق چیئرمین اپٹما گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 برسوں میں صنعتوں کو بجلی کی فراہمی بند نہیں کی گئی لیکن اب سازش کے تحت 12،12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ ہفتے سے صنعتوں کو 5 روز گیس فراہم نہیں کی گئی تو پھر ہم کسی لوڈ مینجمنٹ کو نہیں مانیں گے اور 6 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نگراں حکومت بجلی نہیں دے سکتی تو گیس فراہم کرے بجلی ہم خود بنالیں گے۔
Load Next Story