ٹوئٹر انتظامیہ کی صارفین کو پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت

ابھی تک کسی بھی صارف کے پاس ورڈ لیک ہونے یا اس کے غلط استعمال کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، انتظامیہ

ایک بگ کی وجہ سے اندرونی سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی لیکن اب اس خرابی پر قابو پالیاگیاہے، ٹوئٹر انتظامیہ فوٹو:فائل

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نےاپنے اندرونی سسٹم میں خرابی سامنے آنے کے بعد تمام صارفین کو پاس ورڈ تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے دنیا بھر میں موجود اپنے 336 ملین صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری اپنا پاس ورڈ بدل لیں۔ ٹویٹر حکام کے مطابق ایک اندرونی خرابی (bug) کی وجہ سے کچھ مسئلہ پیدا ہوا، لیکن اب اسے حل کر لیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی کے اکاؤنٹ کے غلط استعمال ہونے یا پاس ورڈز چوری ہونےکی اطلاعات نہیں ملیں۔

ٹوئٹر حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کو ایک بگ کے بارے میں حال ہی میں علم ہوا جو صارف کا پاس ورڈ خود ہی اپنے اندرونی لاگ میں سیو کرلیتا تھا، تاہم اب یہ مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق انہیں تاحال کسی کے پاس ورڈ لیک ہونے یا اس کے غلط استعمال کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، پھر بھی انہوں نے ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر صارفین اپنا پاس ورڈ تبدیل کرلیں۔




ٹوئٹر حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ مذکورہ بگ اب تک کتنے صارفین کے پاس ورڈ اپنے لاگ میں سیو کر چکا تھا، نہ ہی یہ بتایا گیا کہ بگ کے بارے میں کب علم ہوا۔ اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے اب سیکیورٹی مشورے بھی صارفین کو دیئے جا رہے ہیں۔

ٹوئٹرکے سی ای او کے مطابق انہوں نے صارفین کو اس بگ کے بارے میں بتانا ضروری سمجھا، جبکہ اس پر معافی بھی مانگی گئی ہے۔
Load Next Story