خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

درخواست کی سماعت جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا

درخواست کی سماعت 7 مئی کوہوگی۔ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ میں خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقررکردی گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقررکردی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت جسٹس عمرعطا بندیال کی سربرا ہی میں تین رکنی بینچ 7 مئی کوکرے گا۔


سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اپنی نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے موقف اختیارکیا تھا کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طور پر ظاہر نہ کر سکے، اس بینک اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈیکلیئرڈ (ظاہر شدہ) اثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی، تاہم نااہلی کی رٹ دائر ہونے سے قبل وہ بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خواجہ آصف نے نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

واضح رہے کہ 26 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ خواجہ آصف نے وزارت دفاع اورخارجہ کے قلمدان رکھتے ہوئے جان بوجھ کر بیرون ملک ملازمت اور حاصل ہونے والی تنخواہ کو ظاہر نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔
Load Next Story