متحدہ پاکستان کا جلسہ آج ٹنکی گراؤنڈ میں ہوگا

فاروق ستار، عامر خان و دیگر خطاب کریں گے، ایک جلسے کے اعلان پر کارکن پُرجوش۔


Staff Reporter May 05, 2018
ہماری پتنگ اُڑنے والی ہے، جلسے اور جلسی کا فرق بتائیں گے، فاروق ستار کی میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام آج ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا لیاقت آباد میں جلسہ ہوگا۔


ایم کیو ایم پاکستان آج ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا لیاقت آباد میں جلسہ کرے گی جس سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈپٹی کنوینر عامر خان، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔جلسے کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے لگادیے گئے ہیں۔

شہر میں اس حوالے سے خاصاجوش و خروش نظر آرہا ہے، ایم کیو ایم کے دونوں گروپوں کی جانب سے ایک جلسے کے اعلان کے بعد کار کنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، شہر بھر میں ایم کیو ایم کے کیمپ لگے ہوئے ہیں، فوڈ اسٹال بھی لگادیے گئے ہیں جہاں خواتین نے بڑی تعداد میں چوڑیاں اور دیگر اشیا کی خریداری کی۔

گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی گئی ریلیاں ٹنکی گراؤنڈ پہنچیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیام گاہ پر رابطہ کمیٹی کے رکن سردار احمد مشترکہ جلسے کی خوشی میں مٹھائی لے کر پہنچے جہاں کامران ٹیسوری نے فاروق ستار کو مٹھائی کھلائیجبکہ کار کنوں میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سر براہی میں ریلیاں ٹنکی گراؤنڈ پہنچیں تو کار کنوں نے بھر پور نعرے بازی کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے والا خود تقسیم ہوگا۔ ہم میرٹ کے خواہش مند ہیں اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ باجیاں کہہ رہی ہیں کہ پی پی اور بلاول بھٹو کو جواب دینے کے لئے ہم ہی کافی ہیں، انہوں نے کہا کہ اب ہماری پتنگ اڑنے والی ہے، ہم جلسے اور جلسی کا فرق بتائیں گے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید امین الحق نے کہا کہ عوام کے جوش وخروش نے جلسے کو ایک دن پہلے ہی کامیاب بنادیا اور ماضی کے جلسوں کی یاد اور جذبہ کو تازہ کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔