لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش موسم خوشگوار

فیصل آباد اور چنیوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی

فیصل آباد اور چنیوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی فوٹو:فائل

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ تبدیلی آئندہ بارہ گھنٹے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

فیصل آباد و نواحی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، فیصل آباد اورساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر آندھی اور بارش متوقع ہے۔ گوجرانوالہ، بہاولنگر میں بھی رم جھم، جب کہ شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ میں بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں آسمانی بجلی گرنے اور سڑکوں میں پھسلن کے باعث مختلف حادثوں میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ چنیوٹ میں مختلف علاقوں میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 16 سالہ لڑکا جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی۔ فیصل آباد میں امین پور روڈ پر آسمانی بجلی گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Load Next Story