اوگرا کی 33 ایل پی جی لائسنس جاری کرنے کی تجویز

ایل پی جی ذخیرہ،بھرنے کے عمل اورمارکیٹنگ کیلیے25لائسنسوں کے اجراکی تجویزبھی شامل


خبر ایجنسی May 06, 2018
ایس ایس جی سی،پی پی ایل،اوجی ڈی سی،اینگرو،فوجی فرٹیلائرزوآئل ٹرمینل ودیگر کودیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

تیل وگیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے مالی سال2018-19 کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے تحت ایل پی جی کے فروغ کیلیے33 لائسنسوں کے اجرا کی تجویز دی ہے جس سے شدید سرد موسم کے دوران اور دور افتادہ علاقوں کو ایل پی جی کی سہل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

سرکاری ذرائع نے ''اے پی پی'' کو بتایا کہ ان تجاویز میں ایل پی جی کو ذخیرہ کرنے اور بھرنے کے عمل اورمارکیٹنگ کے25 لائسنس جاری کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اوگرا کی مالی سال2016-17 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے 2002 سے گیس کے شعبے کو چلانے کیلیے21 مختلف کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے جس کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں میں ترسیل اور فروغ کو یقینی بنانا تھا۔

اتھارٹی نے جن کمپنیوں کو لائسنس اجرا کی تجویز دی ہے، ان میں سوئی سدرن گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، تیل و گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائرز کمپنی لمیٹڈ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، اینگرو کیمیکل پاکستان لمیٹڈ، سینٹر پاور جنریش لمیٹڈ، اینگروفرٹیلائزر لمیٹڈ، ای ٹی پی ایل یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی، گیسکوز ڈسٹری بیوشن کمپنی اور فوجی آئل ٹرمینل و ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ جیسی مختلف کمپنیاں شامل ہیں۔

اوگرا نے مالی سال2018-19 کے دوران ایل پی جی کے33 لائسنسوں کے اجرا کی تجویز دی ہے جس سے ملک بھرمیں گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید سرد موسم میں بھی گیس کی بلاتعطل فراہمی میں بہتری آئے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں