انڈر19ورلڈکپ پاکستان کا آج افغانستان سے مقابلہ

کرکٹرز کوجلدکنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے تسلسل سے عمدہ پرفارم کرنا ہوگا،کپتان


Sports Desk August 11, 2012
کرکٹرز کوجلدکنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے تسلسل سے عمدہ پرفارم کرنا ہوگا،کپتان (فوٹو فائل)

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز ہفتے سے آسٹریلیا میں ہو رہا ہے، دفاعی چیمپئن میزبان ٹیم افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی، پاکستان کا سامنا افغانستان سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 10 فل ممبران سمیت 6 کوالیفائرز سائیڈز شریک ہیں،16 ٹیموں کو 4،4 کے اتنے ہی گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ کی ابتدائی دو ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی، اسی طرح آخر کی دو سائیڈز پلیٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیںگی، پلیٹ فائنل 24 اگست کو برسبین جبکہ سپر لیگ کا فیصلہ کن معرکہ 26 تاریخ کو ٹائونزویل میں ہوگا۔

کینگروز اب تک 3 بار ٹرافی حاصل کر چکے،اعزازکے دفاع کا عزم لیے وہ ہفتے کو ٹائونزویل میں انگلینڈ سے مقابلہ کریں گے، یہ میچ ٹیلی ویژن پر راہ راست نشر بھی کیا جائے گا،دو بار کی چیمپئن سائیڈ پاکستان اسی روز سن شائن کوسٹ میں افغانستان کے مقابل ہوگی،ایشین حریفوں سری لنکا اور بنگلہ دیش کا سامنا ٹائونز ویل میں ہونا ہے جبکہ ہفتے کا چوتھا میچ زمبابوے اور پاپوانیوگنی کے درمیان برسبین میں کھیلا جائے گا۔

دریں اثنا پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ہم ٹائٹل کیلیے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہیں، ہمیں اچھے بیٹسمینوں، بولرز اور آل رائونڈرز کا ساتھ حاصل جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں حالیہ کارکردگی بھی حوصلہ افزا ہے، انھوں نے کہا کہ مقصد کے حصول کیلیے ہمارے کھلاڑیوں کو جلد از جلد آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے تسلسل سے عمدہ پرفارم کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں