حکومت کی تمام توجہ ٹیکس وصولیوں پر ہےشبر زیدی

صوبائی بجٹ کے تمام اہداف حاصل کرنے کی کوشش ہے،’’ایکسپریس‘‘ کو انٹرویو.


صوبائی بجٹ کے تمام اہداف حاصل کرنے کی کوشش ہے،’’ایکسپریس‘‘ کو انٹرویو۔ فوٹو: فائل

سندھ میں بورڈ آف ریونیو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا قلمدان سنبھالنے والے ٹیکنو کریٹ شبر زیدی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی تمام توجہ ٹیکس وصولیوں پر مرکوز ہے۔

رواں مالی سال کے لیے صوبائی بجٹ کے تمام اہداف حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، انتخابات کے لیے درکار فنڈز فراہم کردیے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اضافی رقم بھی فراہم کی جائیگی، آنے والی حکومت کو ٹیکس وصولیاں بڑھانے کے لیے ایک موثر روڈ میپ دے کر جائیں گے جس پر عمل کرکے 2سال کے عرصے میں صوبائی محصولات کی مالیت میں 400فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

''ایکسپریس'' سے خصوصی ملاقات میں شبرزیدی نے کہا کہ پالیسیوں کے نقائص اور کرپشن کے باعث صوبائی حکومتیں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، انفرااسٹرکچر اور سیکیورٹی جیسے بنیادی شعبوں میں بری طرح ناکام ہیں، سندھ میں ٹیکس وصولیوں کے لیے روایتی ذرائع کے بجائے نئے ذرائع پر توجہ دینا ہوگی، ایگری کلچر انکم ٹیکس، اربن امووایبل پراپرٹی ٹیکس، موٹروہیکل ٹیکس، اسٹامپ ڈیوٹی، پروفیشنل ٹیکس، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے انضمام، لوکل باڈیز کے ذریعے سیلز ٹیکس کی وصولی جیسے اقدامات سے صوبے میں ٹیکس وصولیاں 2سال کے عرصے میں 400فیصد بڑھائی جاسکتی ہیں۔



انہوں نے بتایا کہ نگراں کابینہ میں شمولیت کے بعد انہوں نے سب سے پہلے معلومات تک رسائی یقینی بنانے کے لیے احکام جاری کیے، اسی طرح شفافیت کیلیے وزارت خزانہ کی فائلوں پر کمپیوٹرائزڈ بار کوڈز چسپا کرنے پر زور دیا ہے،قیام امن کیلیے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سیکیورٹی کیلیے بھرپور فنڈمختص کرنے کی سفارش کی ہے۔

انہوں نے صوبے بالخصوص کراچی میں امن کے قیام کیلیے کیمروں کی تنصیب، تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے، کمیونٹی پولیسنگ، کمیونٹی اسمال کورٹس کا قیام، امن و امان قائم کرنے والے اداروں کے درمیان موثر ربط، تمام بڑے شہروں میں پولیس چیف کمشنر کی تقرری، صنعتی و تجارتی علاقوں میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اور صنعتی علاقوں کے گرد حفاظتی چار دیواری کی تعمیر کو بھی ضروری قرار دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں