پاکستان ورلڈ20 ٹوئنٹی 2018کی میزبانی کا خواہاں

درخواست جمع،آئی سی سی نے معاملہ غور کیلیے خصوصی کمیٹی کے سپرد کر دیا.


Saleem Khaliq April 18, 2013
درخواست جمع،آئی سی سی نے معاملہ غور کیلیے خصوصی کمیٹی کے سپرد کر دیا. فوٹو: فائل

پاکستان نے ورلڈ 20 ٹوئنٹی 2018کی میزبانی کیلیے درخواست جمع کرا دی، آئی سی سی نے معاملہ غور کیلیے خصوصی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں سری لنکن ٹیم پر2009میں دہشت گردوں کے حملے نے پاکستانی سرزمین کو انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے نو گو ایریا بنا دیا،1996اور1987کے مشترکہ ورلڈ کپ میزبان ملک کو 2011میگا ایونٹ کے میزبانوں کی فہرست سے بھی باہر کر دیا گیا تھا، پی سی بی نے اب طویل المدتی منصوبہ بندی کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈ 20 ٹوئنٹی 2018کی میزبانی کیلیے بڈ جمع کرائی ہے.

ذرائع نے نمائندہ'' ایکسپریس'' کو بتایا کہ پاکستانی حکام نے کونسل آفیشلز کے سامنے امید ظاہر کی کہ اس وقت تک ملک کے حالات ٹھیک ہو چکے ہوں گے لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو مل بیٹھ کر کوئی راہ تلاش کر لی جائے گی۔



واضح رہے کہ مختصر طرز کے میگا ایونٹ کا پانچواں ایڈیشن آئندہ برس مارچ، اپریل میں بنگلہ دیش میں ہو گا،2016میں میزبانی بھارت کو ملنے کا امکان ہے۔ آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست پر غور کیلیے معاملہ ایک خصوصی کمیٹی کے سپرد کر دیا جو تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کرے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے دوران پاکستانی آفیشلز نے دیگر بورڈز حکام سے بھی ملاقات کی، سب ہی نے ملکی صورتحال کا دریافت کیا، بعض نے معاملات کا جائزہ لینے کیلیے سیکیورٹی وفد بھی بھیجنے کی یقین دہانی کرائی، البتہ کسی نے بھی مستقبل قریب میں دورئہ پاکستان کا وعدہ نہ کیا، اس کے باوجود پاکستانی حکام مایوس نہیں، انھیں یقین ہے کہ آئندہ کچھ عرصے کے دوران صورتحال میں بہتری آئے گی، یوں وہ غیرملکی ٹیموں کو دورے کیلیے قائل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں