پریذیڈنٹ کپ سیمی فائنل بیٹنگ کیلیے سازگار وکٹ پر بولرز کا امتحان

واپڈا وہاب ریاض کی خدمات سے محروم، این بی پی کے کامران اکمل عمدہ بیٹنگ سے چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم میں جگہ۔۔۔

واپڈا وہاب ریاض کی خدمات سے محروم، این بی پی کے کامران اکمل عمدہ بیٹنگ سے چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ فوٹو : فائل

پریزیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں این بی پی اور واپڈا کے درمیان معرکہ آرائی ہوگی۔

بیٹنگ کیلیے ساز گار وکٹ پر بولرزکا امتحان ہوگا، واپڈا کی ٹیم وہاب ریاض کی خدمات سے محروم ہے جو اپنے نکاح میں مصروف ہوں گے، این بی پی کے ٹیسٹ بیٹسمین کامران اکمل اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھا کر چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم میں جگہ مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، وہ اب تک4 میچز میں 223 رنز جوڑنے میں کامیاب رہے ہیں، اس میں 132 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے،کپتان فواد عالم سے بھی عمدہ بیٹنگ کی توقع ہے، وہ ابتدائی 4 میچوں میں 154 رنز بنا چکے ہیں، بینک کو سمیع اسلم کی بھی مدد حاصل ہو گی جوٹورنامنٹ میں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب واپڈا کے رفعت اللہ مہمند سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو سکتے ہیں، وہ ٹورنامنٹ کے چار میچز میں دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 101 کی اوسط سے303 رنز بنا چکے ہیں، 302 رنز جوڑنے والے شعیب مقصود کچھ بھی کر دکھانے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں، ان کا ساتھ دینے کیلیے رانا نوید الحسن ،عامر سجاد،محمد ایوب اور سعد نسیم بھی ہوں گے، بولنگ کے شعبے میں واپڈا کو حریف ٹیم پر سبقت حاصل ہے ، رانا نویدالحسن اور نوجوان جنید خان کی مدد کیلیے ذوالفقار بابر اور کاشف نوید میدان میں اتریں گے۔




این بی پی کو بولنگ کے لیے عمران خان اور محمد نواز کے ساتھ رضا حسن پر انحصار کرنا ہو گا جنھیں عزیزالحق کی معاونت میسر ہوگی، ٹورنامنٹ کے دوران بیٹسمینوں کی مدد کرنے والی وکٹ ایک مرتبہ پھر بولرز کیلیے مشکل ثابت ہوگی، دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا ٹکرائو جمعے کو سوئی ناردرن گیس کی مضبوط ٹیم سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں سپر اسٹارز پر مشتمل ایچ بی ایل کو باآسانی زیر کر لیا تھا۔

دوسرے سیمی فائنل میں احسان رضا اور کمال مرچنٹ امپائرز ہوں گے جبکہ شوزب رضا ٹی وی امپائر کی ذمہ داری ادا کریں گے،ریاض الدین ریزرو امپائر اورعزیزالرحمان میچ ریفری ہوں گے، میچ صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔

Recommended Stories

Load Next Story