ڈی سی وسطی کے کریڈٹ کارڈ سے خریداری کرنیوالا دفتر کا آپریٹر نکلا

ملزم کی شناخت موبائل مارکیٹ میں لگے سی سی کیمروں کے ذریعے ہوئی،ملزم زیر حراست،مقدمہ درج نہیںہوا


Staff Reporter April 18, 2013
ملزم کی نشاندہی سرینہ موبائل مارکیٹ میں موبائل فون کی دکان سے خریداری کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی بننے والی فلم کے ذریعے کر لی گئی. فوٹو: فائل

ڈی سی سینٹرل کا کریڈٹ کارڈ چوری کرکے ایک لاکھ روپے کی خریداری کرنے والا ان کے دفتر کا آپریٹر نکلا ،ملزم کی شناخت موبائل مارکیٹ میں لگے سی سی کیمروںکے ذریعے کرلی گئی۔

ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم مقدمہ درج نہیں کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سینٹرل سیف الرحمن پراچہ کا کریڈٹ کارڈ اور نادرا کا شناختی کارڈ چوری کرنے والا ملزم داور ڈی سی سینٹرل کے آفس میں بطور آپریٹر تعینات ہے، ملزم کی نشاندہی سرینہ موبائل مارکیٹ میں موبائل فون کی دکان سے خریداری کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی بننے والی فلم کے ذریعے کر لی گئی ،تیموریہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تاہم اس کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پیر کو ڈی سی سینٹرل سیف الرحمن پراچہ کے آفس میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا پرس چوری ہوگیا تھا ،ملزم داور نے پرس چوری ہونے کا الزام ایک صحافی پر لگانے کی کوشش کی تھی، چور نے پرس میں سے سیف الرحمن پراچہ کے 2 کریڈٹ کارڈز اور نادرا کا شناختی کارڈ نکال کر پرس ان کے دفتر کے باہر پھینک دیا تھا، ملزم نے سرینہ مارکیٹ میںموبائل شاپ سے 30 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون خریدا اورڈپارٹمنٹل اسٹور سے تقریباً 70 ہزار روپے سے زائد مالیت کی خریداری بھی کی۔



سیف الرحمٰن کے چپڑاسی نے شام کو بتایا کہ آپ کا پرس دفتر کے باہر پڑا ہوا تھا جس پر ڈی سی سینٹرل نے فوری پرس چیک کیا تو اس میں کریڈٹ کارڈز اور شناختی کارڈ غائب تھا انھوں نے بینک سے ریکارڈ چیک کرایا تو انکشاف ہوا کہ ان کے کریڈٹ کارڈ سے تقریباً ایک لاکھ روپے کی خریداری کی جا چکی ہے تاہم انھوں نے فوری طور پر کریڈٹ کارڈز کو بلاک کروا دیا اور تیموریہ تھانے کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے چوری کی رپورٹ درج کرا دی۔

تیموریہ پولیس نے جس موبائل شاپ سے ملزم نے موبائل فون خریدا تھا اس دکاندار کو حراست میں لے کر تحقیقات کی اور وہاں کی سی سی کیمرا فوٹیج حاصل کرنے کے بعد ملزم کی شناخت پر اسے حراست میں لینے کے بعد دکاندار کو چھوڑ دیا ،ایس ایچ او تیموریہ اعجاز لودھی نے بتایا کہ ملزم داور سے ڈی سی سینٹرل کے کریڈٹ کارڈز ، نادرا کا شناختی کارڈ اور خریدا جانے والا موبائل فون برآمد کرلیا جبکہ دیگر سامان کی برآمدگی نہیں ہو سکی ہے ، ملزم کو اگر ڈپٹی کمشنر معاف کر دیں گے تو اسے چھوڑ دیا جائیگا بصورت دیگر اس کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں