
ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ نارووال کے علاقے قصبہ کنجروڑ میں پیش آیا جہاں وزیر داخلہ احسن اقبال ایک کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم پی اے رانا منان کے ڈیرے پر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، کارنر میٹنگ کے اختتام پر احسن اقبال جب ڈیرے سے باہر آرہے تھے کہ اس دوران مجمع میں شریک ایک مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی ایک گولی احسن اقبال کے بازو میں لگی جو کہنی کو چیرتے ہوئے پیٹ میں گھس گئی۔

احسن اقبال لاہور کے سروسز اسپتال منتقل
احسن اقبال کو زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا گیا بعد ازاں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
Allah Almighty hs been very kind. We request all friends and wellwishers to remember him their special prayers. - at Services Institute Of Medical Sciences https://t.co/2oEcY6uATa
- Ahsan Iqbal (@betterpakistan) 6 May 2018
اسپتال منتقل ہونے کے بعد احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ بہت مہربان ہے میں اپنے تمام دوستوں اور خیر خواہوں سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھیں۔
احسن اقبال کا کامیاب آپریشن، پیٹ سے گولی نکال لی گئی
سروسز اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق احسن اقبال کے دائیں بازو کی ہڈی فریکچر ہوئی، ایک گولی دائیں کہنی پر لگی جو آر پار ہوتے ہوئے پیٹ میں جا گھسی اسے آپریشن کے ذریعے نکال لیا گیا ہے اب مریض کی حالت تسلی بخش ہے۔
حملہ آور گرفتار، نامعلوم مقام منتقل
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، ملزم کا نام عابد حسین ہے اور اس کی عمر 21 سال ہے۔ ڈی پی او کے مطابق گولی احسن اقبال کے دائیں بازو میں لگی، ملزم نے 30 بور کے پستول سے فائرنگ کی جسے تحویل میں کرلیا گیا ہے۔
احسن اقبال کے کزن رانا ایم پی اے منان نے ایکسپریس کو بتایا کہ احسن اقبال ایک تقریب میں شریک تھے، تقریب سے واپسی پر ان پر حملہ ہوا حملہ آور نے دو فائر کیے اسے موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ملزم کا تعلق اسی گاؤں سے ہے
ایکسپریس نیوز گوجرانوالہ کے بیورو چیف شاہد منیرکے مطابق ملزم کا تعلق اسی گاؤں کنجروڑ سے ہے، پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ ملزم کا تعلق کس گروہ یا کس سیاسی جماعت ہے، احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے وہ ہوش میں ہیں اور لوگوں سے باتیں کررہے ہیں، پولیس کی طرف سے موقف ہے کہ احسن اقبال پر کارنر میٹنگ سے باہر نکلتے ہوئے حملہ ہوا حملہ آور میٹنگ میں موجود نہیں تھا باہر کھڑا تھا۔

احسن اقبال کے ایکسرے کی تصاویر موصول
ایکسپریس نیوز کو احسن اقبال کے ایکسرے کی تصاویر موصول ہوگئیں جس کے مطابق انہیں ایک گولی لگی جو بازو چیرتی ہوئی پیٹ میں داخل ہوگئی۔



صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت
صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دیگر رہنماؤں نے احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔