شعبہ نرسنگ کو وہ توجہ حاصل نہیں جو ملنی چاہیے ڈاکٹر ٹیپو سلطان

کم تنخواہ اوردیگرمسائل کے باعث کئی نرسیں ملازمت چھوڑدیتی ہیں،حکومت نرسزکے مسائل حل کرے


Staff Reporter May 07, 2018
ایکسپریس میڈیاگروپ اوربی برون کمپنی کے تحت سیمینارسے ڈاکٹرنائلہ اسد،کیتھرین بورڈن اوردیگرکا خطاب۔ فوٹو: ایکسپریس

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے کہا ہے کہ نرسوں کو شعبہ طب میں وہی حیثیت حاصل ہے جو انسانی جسم میں ریڑھ کی ہڈی کو حاصل ہے، ہمارے ہاں بدقسمتی سے شعبہ نرسنگ کو وہ توجہ حاصل نہیں جو اسے ملنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور طبی آلات(آلات جراحی) بنانے والی کمپنی بی برون کے تحت عالمی یوم نرسنگ کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، سیمینار کا عنوان ''نرسنگ سیفٹی اینڈ کیئر، ماڈرن ڈے چیلنجز'' تھا۔

پروفیسر ٹیپو سلطان کاکہنا تھاکہ نرسوں کو فلورنس نائٹ اینگل کو مشعل راہ بنانا چاہیے ، فلورنس نائٹ اینگل کی ہی انتھک محنت کی بدولت آج ہم یہ دن منارہے ہیں ، شعبہ نرسنگ کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سروسز اسپتال لاہورکے شعبہ اینستھیسیا کی سربراہ ڈاکٹر نائلہ اسد نے خطاب میں کہا کہ نرسوں کی تربیت کے لیے بھی عالمی معیار کو مدنظر رکھنا چاہیے ، نرسوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ان کے حسن سلوک کی بدولت ہی مریض جلد صحت یابی کی جانب لوٹ سکتے ہیں نرسوں کے لیے ضروری ہے کہ انھیں اپنے شعبے سے متعلق تمام معلومات ہو۔

ڈاکٹر نائلہ اسد نے مزید کہاکہ نرسوں کی تربیتی فقدان کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کے لیے ضروری ہے کہ نرسیں بھی ''ہائی رسک دواؤں'' اور ''معیاری طریقہ کار(ایس او پی) سے واقفیت رکھتی ہوں تاکہ مریضوں کا علاج بہترین انداز میں ہوسکے۔

رحمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور کی ڈائریکٹر نرسنگ کیتھرین بورڈن نے کہا کہ نرسنگ ایک ایسا فن ہے جو تمام فنون سے بہت عمدہ اور خوبصورت ہے ،بنیادی طور پر نرسنگ صحت کے شعبے میں ایک مرکزی کردار کی حیثیت رکھتا ہے ،نرسیں مریض کی تیماداری کرتی ہیں،مریضوں کی صحت کا خیال رکھتی ہیں، حالات کی پرواہ کیے بغیر خدمت کرتی ہیں مریض کی تیمارداری کے علاوہ نرسوں کا مریض کے ساتھ رویہ بھی بہتر ہونا چاہیے۔

ڈائریکٹر نرسنگ شفا انٹر نیشنل اسپتال اسلام آباد کی ڈاکٹر مونیٹ بیرنٹو نے نرسوں کے عالمی دن پر ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو صحت یابی کی جانب لانے کے لیے 82 فیصد کردار نرسیں ادا کرتی ہیں، نرسیں انتہائی مشکل حالات کے باوجود خدمت خلق کی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں بلکہ مریضوں کی تیمار داری کے علاوہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں تقریب کے اختتام پربی برون پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈویژنل ہیڈ رضا حسنین نے مقررین اور شرکا کا شکریہ اداکیا اور مقررین کوشیلڈز بھی پیش کیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |