پاکستان فیفا ورلڈکپ 2018 کے لیے فٹ بال فراہم کرے گا وزارت تجارت

پاکستان سالانہ تقریباً4 کروڑ فٹ بالز برآمد کرتا ہے۔


خبر ایجنسی May 07, 2018
پاکستان سالانہ تقریباً4 کروڑ فٹ بالز برآمد کرتا ہے۔ فوٹو : فائل

پاکستان اس سال موسم گرما میں روس میں منعقد ہونے والے ''فیفا'' عالمی کپ 2018 میں استعمال ہونے والے فٹ بال فر اہم کرے گا۔

وزارت تجارت نے فٹ بال کے عالمی کپ میں استعمال ہونے والے آفیشل فٹ بالز ٹیل سٹار اور ایمرجنگ پاکستان کے بارے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ سیالکوٹ کی '' فارورڈ اسپورٹس'' نامی فرم ٹیلی سٹار 18نامی فٹ بال فراہم کر رہی ہے جبکہ اسی فرم نے 2014 کے فیفا عالمی کپ کے لیے بھی آفیشل فٹ بالز فراہم کیے تھے جو برازیل میں منعقد ہوا تھا۔

پاکستان سالانہ تقریباً4 کروڑ فٹ بالز برآمد کرتا ہے، پاکستان رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تااپریل) میں10فیصد کے سال بہ سال اضافے 122 ملین ڈالر مالیت کی فٹ بالز برآمد کر چکا ہے۔

سیکریٹری تجارت نے تقریب کے شرکا کو وزارت تجارت کے ابھرتا پاکستان، شروعات کے تصور اور عمل درآمد کے بارے میں بتایا اور کہا کہ وزیراعظم نے 9 نومبر 2017 میں ''ایکسپو پاکستان'' میں '' ابھرتا پاکستان ، شروعات کی رونمائی کی تھی اور اس موقع پرکراچی میں85 ممالک سے تعلق رکھنے والے 700 غیرملکی مندوبین بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح برانڈ امیج کی کاروبار میں بڑی اہمیت ہوتی ہے اسی طرح عالمی سطح پر تجارت اور کاروبار میں ملک کی بھی بڑی اہمیت ہوتی ہے، ہم پاکستان کی عالمی سطح پر کوئی منفی تاثر یا پہچان نہیں چاہتے اس لیے ہم ابھرتا پاکستان کے ذریعے پاکستان کی مثبت اور بہتر ساکھ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں