تجارتی مذاکرات کی پاکستانی پیشکش پر جاپان کا غور

پہلے پی ٹی اے پھرایف ٹی اے ہوگا،پاکستان نے ٹی او آرزتیارکرکے جاپان کو بھیج دیے

اتفاق رائے پراسٹڈی ہوگی،جاپان مشترکہ تجارتی کمیشن میںجوابی سفارشات دیگا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کیلیے جاپان کو آزاد تجارتی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ چندبرسوں کے دوران خطے کے دیگرممالک کی نسبت پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں اپنی اصل صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہیں جس کی بنیادی وجہ بھارت بنگلہ دیش اور آسیان کے رکن ممالک کو جاپانی منڈیوں تک آزادنہ رسائی کی سہولت ہے۔


دوطرفہ تجارت کو اصل صلاحیت سے بڑھانے اور خطے کے دیگر ممالک کے برابر لانے کیلیے پاکستان نے جاپان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کیلیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجیحی معاہدہ کرنے کے بعد آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات شروع کیے جا سکیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ پاکستان نے ایف ٹی اے پر پیش رفت کے حوالے سے ارلی ہارویسٹ پروگرام کیلیے ٹرمز آف ریفرنس تیار کر لیے ہیں جنھیں جاپانی حکومت کو فراہم کردیاگیا ہے اور جاپان کی جانب سے اس پر اتفاق رائے کی صورت میں باقاعدہ اسٹڈی کا آغاز کیاجائیگا۔

جاپان کی جانب سے تیار کی جانے والی سفارشات دونوں ممالک کے درمیان نئے مشترکہ تجارتی کمیشن کے پہلے اجلاس میں زیر بحث لائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق جاپان کی جانب سے پاکستان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایف ٹی اے کے حوالے سے دی جانے والی سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے تجاویزمشترکہ تجارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دی جائیگی۔
Load Next Story