کے الیکٹرک کے جھوٹ کا پول کھل گیا بن قاسم پلانٹ کی خرابی 7 روز بعد بھی دور نہ ہوسکی

بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی دور ہونے میں مزید دو دن درکار ہوں گے، ترجمان کے الیکٹرک

2950 میگاواٹ کی ڈیمانڈ پر کے الیکٹرک کو 6 سے 7 سو میگاواٹ شارٹ فال کا سامناہے، ذرائع فوٹو:فائل

HYDERABAD:
کے الیکٹرک انتظامیہ کے جھوٹے بیانات شہر قائد کے باسیوں کیلئے وبال جان بن گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں 15 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ کے شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے بیانات جھوٹے ثابت ہوئے۔ 200 میگا واٹ کے بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ کی تکنیکی خرابی سات روز گزر جانے کے بعد بھی دور نہ کی جاسکی جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں اب بھی 10 سے 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے 2950 میگاواٹ کی طلب پر کے الیکٹرک کو 700 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں اب بھی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تکنیکی خرابی دور ہونے میں مزید دو دن درکار ہوں گے۔

لوڈشیڈنگ سے کراچی کے علاقے ملیر، اورنگی، کورنگی، لائنزایریا، لانڈھی، شاہ فیصل، بلدیہ، گڈاپ، نارتھ کراچی، نیو کراچی سب سے ذیادہ متاثرہیں۔ کراچی کا کوئی بھی علاقہ لوڈشیڈنگ سے محفوظ نہیں رہا۔ ڈیفنس، کلفٹن، گلشنِ اقبال، پی ای سی ایچ ایس، نارتھ ناظم آباد میں بھی مسلسل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ کے الیکٹرک ترجمان نے 2 سے 3 روز میں کراچی میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال معمول پر لانے کا دعویٰ کیاتھا۔
Load Next Story