بھارت کی پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے معذرت

دونوں بورڈآفیشلزکی دبئی میں ملاقات،انتخابات بی سی سی آئی کوبیک فٹ پر لے گئے

پاکستانی اوربنگلہ دیشی بورڈزکے درمیان سردمہری کی فضا برقرار،کوئی بات نہ ہوئی فوٹو: فائل

بھارت نے رواں سال پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے باضابطہ معذرت کر لی، بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن نے دبئی میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سے ملاقات میں واضح کر دیا کہ اگست یا اس کے بعد باہمی مقابلوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فیصلے کی وجہ سیاسی ہے، رواں برس انتخابات کے پیش نظرکوئی بھی پڑوسی ملک سے کرکٹ کھیل کر اپوزیشن کو سیاسی فائدہ نہیں پہنچانا چاہتا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس کے اواخر اور رواں سال کے آغاز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تو دونوں ممالک کے درمیان مزید سیریز کی امید بھی پیدا ہو چلی تھی، پاکستان نے اگست میں میچز کے انعقاد پر نگاہیں مرکوز کی ہوئی تھیں مگر سیاسی محاذ پر گرما گرمی نے سیریز کی امیدیں معدوم کر دیں۔




گذشتہ دنوں جب بھارت نے چیمپئنز لیگ میں پاکستانی ڈومیسٹک فاتح سائیڈ کو شامل کرنے کا اعلان کیا تو پھر کچھ آس بنی، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گذشتہ دنوں دبئی میں آئی سی سی میٹنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی صدر بی سی سی آئی این سری نواسن سے بات چیت ہوئی، اس موقع پر سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا مگر سری نواسن نے واضح کر دیا کہ اس سال باہمی مقابلوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

گوکہ انھوں نے فیصلے کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی تاہم ذرائع کے مطابق رواں برس کے ملکی انتخابات بی سی سی آئی کو بیک فٹ پر لے گئے ہیں، اس وقت بھارت میں کوئی نہیں چاہے گا کہ پاکستان سے سیریز کھیل کر اپوزیشن کو سیاسی فائدہ اٹھانے کا موقع دیا جائے۔ دوسری جانب پاکستانی اور بنگلہ دیشی بورڈز کے درمیان سردمہری کی فضا برقرار ہے، دو بار دورہ ملتوی کرنے والے بی سی بی کے صدر نظم الحسن کیساتھ پی سی بی آفیشلز کی خاص گفتگو نہیں ہوئی، ملاقات محض رسمی علیک سلیک تک محدود رہی۔
Load Next Story