رومانٹک اور مزاحیہ فلم ’’نہ بینڈ نہ باراتی‘‘ کی تعارفی تقریب

تقریب میں فلم کی کاسٹ اور عملہ کی بھر پورشرکت ، گیتوں پر پرفارم بھی کیا

پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبولیت کا جادوسرحد پار بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے،جاوید شیخ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

امریکا اور کینیڈا میں فلمائی گئی پاکستانی رومانٹک، مزاحیہ اور میوزیکل فلم 'نہ بینڈ نہ باراتی' کی کراچی میں شاندار تعارفی تقریب ہوئی۔

فلم کی شاندار تقریب کے اس موقع پرفلم کی کاسٹ میں شامل نامور اداکار میکال ذوالفقار، امریکا سے تعلق رکھنے والے اداکار شایان خان اور کینیڈین اداکارہ نایاب خان سمیت دیگر فنکاروں نے فلم کے گانوں پر دھواں دار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔


ہدایتکار جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی مقبولیت کا جادو اب سرحد پار بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانی فلموں نے غیر معمولی توجہ حاصل کرتے ہوئے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔ اب فلم انڈسٹری بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

میکال ذوالفقار نے کہا کہ سنیما اسکرین پر کام کرنے کی خواہش ہر فنکار کے دل میں مچلتی ہے۔' نہ بینڈ نہ باراتی' میں فلم بین سنیما گھر میں بیٹھ کر امریکا اور کینیڈا کے شاندار مقامات کا نظارہ کریں گے۔فلم میں رقص، رومانس اور دل چھو لینے والی موسیقی بھی سننے کو ملے گی۔ گلوکار شفقت امانت علی نے کہا کہ پاکستانی فلموں کا میوزک ایک مرتبہ پھر اپنا رنگ جما رہا ہے۔

فلم کے ہیرو شایان خان کا کہنا تھا کہ بچپن سے خواب تھا کہ فلم میں ہیرو آؤں اور وہ خواب اب ماں کی دعاؤں سے پورا ہو گیا ہے۔ اس فلم کو ہم دنیا بھر میں 6جولائی کو ریلیز کریں گے۔تقریب کے اختتام پر محفلِ موسیقی اور فلم کی کاسٹ نے مختلف گانوں پر شاندار پرفارمنس دی۔
Load Next Story