کالاباغ ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر

کالاباغ ڈیم نہ بننے کی وجہ سے سالانہ 35 ایکڑ ملین فٹ سے زائد پانی اور 70 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، درخواستگزار


ویب ڈیسک May 10, 2018
کالا باغ ڈیم منصوبہ کو مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا، درخواستگزار فوٹو: فائل

کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور درخواست میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے۔

مقامی وکیل علم الدین غازی نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، وزارت پانی و بجلی، مشترک مفادات کونسل اور چیرمین واپڈا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار وکیل نے درخواست میں نشاندہی کی کہ زرعی شعبے اور بند صنعتوں کی بحالی کے لیے کالا باغ ڈیم کا بننا بہت ضروری ہے۔ اس کے بغیر صنعت اور زراعت کے شعبے میں ترقی ممکن نہیں ہے۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ کالا باغ نہ بننے کی وجہ سے 35 ایکڑ ملین فٹ سے زائد پانی اور 70 ارب سے زائد رقم کا سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔ درخواست میں یہ بھی نکتہ اٹھایا گیا کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ کو مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ درخواست میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سیاسی بنیادوں پر تعطل کا شکار ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں خوشحالی آئے گی اس لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے اس کی جلد تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔