پاک آذربائیجان تجارت بڑھانے کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز

سفیرعلی علیزادہ کی وفاقی وزیرتجارت سے ملاقات،5سالہ تجارتی معاہدے پرپیشرفت پراتفاق


علیم ملک May 11, 2018
پرویز ملک نے آذربائیجان کوپاکستانی برآمدات میں کمی،ایکسپورٹرزکے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ فوٹو : فائل

وزارت تجارت نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام کی تجویز دی ہے جب کہ دونوں ممالک نے 5 سالہ تجارتی تعاون کے معاہدے پر پیش رفت کرنے پر اتفاق کیاہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیا ن دوطرفہ تجارت کو فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کے حوالے سے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک جبکہ آذربائیجان کے وفد کی قیادت پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے کی۔

ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے آذربائیجان کے سفیر کو پاکستانی برآمدات میں ہونے والی کمی اور پاکستانی برآمدکنندگان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے بتایاکہ آذربائیجان کے ساتھ تجارت کے فروغ اور دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے وزارت تجارت نے تجارتی تعاون کے حوالے سے 5 سالہ منصوبے کا مسودہ تیار کیا تھا اور اس کو وزارت خارجہ کے تعاون سے آذربائیجان کے حکام تک پہنچایا گیا تاہم آذربائیجان کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے پاکستان کوابھی تک کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کا موقف تھاکہ آذربائیجان کی جانب سے اس 5 سالہ تجارتی منصوبے کے حوالے سے کوئی سفارشات فراہم نہیںکی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آذربائیجان کے سفیر نے بتایاکہ ان کی جانب سے اس مسودے پر مشاورت جاری ہے اور جلد ہی اس حوالے سے سفارشات پاکستان کو بھجوادی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستانی برآمدکنندگان کو ویزوں کے اجرا میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اور بتایاگیاکہ آذربائیجان میں ویزے کے اجرا کے عمل میں کرپشن کی وجہ سے پاکستانی برآمدکنندگان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پاکستانی برآمدکنندگان کی جانب سے مقررہ مدت سے زیادہ عرصے قیام کی وجہ سے بھی انھیں مسائل درپش آتے ہیں، دونوںملکوں کے مابین انڈوانوائسنگ اور تجارتی کو دستاویزی شکل نہ دینے کے باعث دوطرفہ تجارت کے درست اعدادشمار مرتب نہیں کیے جارہے۔

ملاقات کے دوران دبئی اور ایران سے برآمدکنندگان کی جانب سے آذربائیجان کو پاکستانی مصنوعات کی برآمد کا معاملہ بھی اٹھایاگیا جس کے باعث پاکستانی مصنوعات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کے معاہدے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان 1995 میں 3 سال کے لیے معاہدہ کیا گیا تھا جس کی مدت پوری ہوچکی ہے اور اس کے بعد سے اس معاہدے کو توسیع دینے کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوںممالک کی جانب سے ایک دوسرے کو ایم ایف این کا درجہ دینے کے حوالے سے بھی امور تاخیر کاشکار ہیں اور فریقین کی جانب سے اس حوالے سے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ وزارت تجارت کے مطابق وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ کی ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان نے دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی انتظامات کرنے اور مشاورت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں