رمضان پیکیج سندھ میں 18 لاکھ خاندانوں کو فی کس 2 ہزار تقسیم کرنے کا فیصلہ
یہ رقم بینظیر کارڈ رکھنے والے گھرانوں کے بینک اکائونٹس میں منتقل کردی جائے گی، ضیاالحسن لنجار
حکومت سندھ نے اس سال بھی 3 ارب 70 کروڑ روپے کی رقم رمضان پیکیج کے طور پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس رقم سے صوبہ سندھ میں بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 18 لاکھ غریب گھرانوں میں فی گھر 2 ہزار روپے کے حساب سے تقسیم کی جائے گی۔
صوبہ سندھ میں بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ 18 لاکھ غریب گھرانوں میں فی گھر 2 ہزار روپے کے حساب سے تقسیم کا یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت منعقدہ سندھ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔
صوبائی وزیر قانون ضیاالحسن لنجار نے جمعہ کو ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رقم بینظیر کارڈ رکھنے والے گھرانوں کے بینک اکائونٹس میں منتقل کردی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ سندھ میں رجسٹرڈ گھرانوں کو ملنے والی ریگولر امداد سے اضافی طور پر دی جائے گی۔
ضیا الحسن لنجار نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ سندھ میں اس بار بھی گندم پر سبسڈی دینے سے گریز کیا جائے گا کیونکہ گندم پر دی جانے والی سبسڈی کا غلط استعمال ہوتا ہے، اس لیے سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ سندھ میں رجسٹرڈ مستحق گھرانوں کو بینظیر کارڈ کے ذریعے فی گھر 2 ہزار روپے مہیا کردیے جائیں۔