ISLAMABAD:
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 5 سالہ بچی کو اغوا کے بعد زیادتی اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
لڑکی کو اس کے محلے سے پیر کے روز کھیلتے وقت اغوا کیا گیا تھا اور 4 روز بعد وہ اسی بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر پائی گئی جہاں اس کا خاندان رہائش پذیر تھا، بچی کی بازیابی کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ آر این بنسل نے بتایا کہ بچی کو جب اسپتال لایا گیا تو اس کی حالت کافی خراب تھی اور جسم کے بیشتر حصوں پر زخم کے نشانات تھے۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے گلے پر تشدد کے نشانات سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلہ گھونٹ کر مارنے کی کوشش تھی۔
پولیس افسر راجن بھگت نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ابتدائی طور پر صرف لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن اب زیادتی اور اقدام قتل کے حوالے سے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث محلہ دار ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ نئی دہلی میں ہی گزشتہ سال دسمبر میں 23 سالہ طالبہ کو بیہیمانہ طریقے سے چلتی بس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے 13 روز بعد وہ ہلاک ہوگئی تھی، واقعے کے بعد بھارت میں ہر شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید مذمت کی اور احتجاج کا سلسلہ کئی دنوں تک جاری رہا۔ گزشتہ ماہ ایک سوئس خاتون کو بھی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں ان کے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔