سپریم کورٹ نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کردی

چیف جسٹس نے زیر التوا منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کردی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا

چیف جسٹس نے زیر التوا منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت کردی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کردی ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے سرکاری ملازمتوں، ترقیاتی فنڈز اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کی، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے پابندی ختم کرنے کا حکم دیا۔


یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمتوں پر پابندی عائد

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ جو کام زیرِ التوا ہے اسے کیسے روکا جاسکتا ہے؟۔ الیکشن کمشنر سندھ یوسف خٹک نے کہا کہ جو کام شروع ہوچکے ہیں انہیں نہیں روکا جائے گا بلکہ نئے منصوبوں پر پابندی ہے، اگر کہیں ڈاکٹر یا کسی اور ضروری عملے کی ضرورت ہے تو الیکشن کمیشن اس بھرتی کی اجازت دیتا ہے۔ سپریم کورٹ نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا ۔ چیف جسٹس نے زیر التوا منصوبے بھی مکمل کرنے کا حکم دیا۔

قبل ازیں الیکشنر کمشنر سندھ یوسف خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتوں پر پابندی عائد کی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے پابندی ختم کردی ہے، ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے آئے ہیں۔
Load Next Story