چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

نواز شریف کے خلاف جھوٹے الزام میں پریس ریلیز جاری کرنے پر چیئرمین نیب معافی مانگیں، درخواست گزار

نواز شریف پر اربوں ڈالر بھارت منتقلی کے جھوٹے الزام سے نیب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، درخواست گزار فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق (ن) لیگ کے رہنما نواز اعوان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے ہوتے ہوئے نیب شفاف کام نہیں کرسکتا، نواز شریف کے خلاف جھوٹے الزام میں پریس ریلیز جاری کرنے پر چیئرمین نیب معافی مانگیں۔


یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے کی جاتی ہے اس لیے ایسے معاملات میں نیب کو آلہ کار نہیں بننا چاہئے، 8 مئی کو نیب نے اعلامیہ جاری کیا کہ نواز شریف نے 4.9 ارب ڈالر بھارت منتقل کیے جس کی تحقیقات کی جائیں گی، نیب کو کسی کے خلاف زیر التواء معاملے کا اعلامیہ جاری نہیں کرنا چاہئے تھا، جبکہ 21 ستمبر 2016ء کو اسٹیٹ بینک بھی اس خبر کی تردید کرچکا تھا، اس خبر سے نیب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، نیب اعلامیہ اور بعدازاں پیش آنے والے واقعات نواز شریف سے متعلق چیئرمین نیب کی منفی سوچ کی عکاس ہیں لہذا عدالت چیئرمین نیب کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کرے۔
Load Next Story