پاکستان میں  پہلی سکھ خاتون صحافی بن گئی

پاکستان میں باصلاحیت افراد کی قدرکی جاتی ہے خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب اورذات سے ہو، من میت


آصف محمود May 12, 2018
پاکستان کا نام بلند کرنے کے لئے محنت کروں گی، من میت کور ؛ فوٹو: ایکسپریس

پشاور سے تعلق رکھنے والی من میت کور پاکستان کی پہلی سکھ خاتون صحافی بن گئی ہیں۔

پشاورسے تعلق رکھنے والی من میت کورنجی ٹی وی چینل میں بطوررپورٹرکام کررہی ہیں ، ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بارہوا ہے جب کوئی سکھ لڑکی ورکنگ ویمن کے طورپرسامنے آئی ہے۔

لاہورمیں اپنے رشتہ داروں سے ملنے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ماتھا ٹیکنے آئی من میت کور نے ایکسپریس نیوزسے با ت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پشاورکی رہائشی اور 5 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبرہیں اور پشاوریونیورسٹی سے سوشل ورک میں ماسٹرزکیا ہے جب کہ میڈیا ان کی فیلڈ نہیں تھی تاہم ایک نجی چینل نے انہیں سوشل رپورٹرکی پیش کش کی تووہ اس شعبے میں آگئیں۔

من میت کور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکھوں کی بڑی تعداد آباد ہے لیکن آج تک کوئی لڑکی ورکنگ ویمن کے طورپرسامنے نہیں آئی ، سکھ لڑکیاں تعلیم حاصل کرکے گھروں میں بیٹھ جاتی ہیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اوروہ میدان میں آئی ہیں ، انہوں نے جو تعلیم حاصل کی ہے اورجوشعبہ اختیارکیا اس کے ذریعے وہ ملک اور اپنی قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں جب کہ دنیا کو دکھانا چاہتی ہیں کہ سکھ لڑکیاں کتنی باصلاحیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک پاکستان کا نام بلند کرنے کے لئے محنت کریں گی، جب لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ میں سکھ لڑکی ہوں توسب بہت محبت اورشفقت سے پیش آتے ہیں ، لوگ تعاون کرتے ہیں ، میں دنیا کودکھانا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادکی قدرکی جاتی ہے خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب اورذات برادری سے کیوں نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں