پرندہ ٹکرانے سے پرواز میں تاخیر پر فاٹا کے ایم این اے نے ن لیگ چھوڑ دی

میں وعدہ کرتا ہوں میں (ن) لیگ کو چھوڑوں گا اور میں اپنی پارٹی بنا رہا ہوں، رکن قومی اسمبلی کا ویڈیو بیان

میں وعدہ کرتا ہوں میں (ن) لیگ کو چھوڑوں گا اور میں اپنی پارٹی بنا رہا ہوں، رکن قومی اسمبلی کا ویڈیو بیان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پرندہ ٹکرانے کے باعث قومی ایئرلائن کی پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے پر حکمران جماعت کے فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے انوکھا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے پارٹی سے مستعفی ہو کر اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔

قومی ایئرلائنز کی پیرس سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو خراب موسم کے باعث لاہور اتارنے کا فیصلہ کیا گیا اور دوران لینڈنگ بوئنگ 777 سے پرندہ ٹکرا گیا۔ موسم کی خرابی اور پرندہ ٹکرانے کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔


پیرس سے آنے والے جہاز میں (ن) لیگ کے فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان بھی سوار تھے جو مسافروں کو طیارے سے نیچے اترنے سے روکتے رہے۔ انھوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا '' ہم اسی طرح ذلیل ہوتے رہیں گے، یہ ہماری حالت ہے، میں رکن قومی اسمبلی اور میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے، میرے لیے شرم کی بات ہے کہ میں یہ بتا رہا ہوں کہ میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے، اس دوران خاتون سمیت مسافروں نے سوال کیا کہ آپ پھر (ن) لیگ کو چھوڑیں کیوں اس کے ساتھ وابستہ ہیں جس پر رکن قومی اسمبلی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں میں (ن) لیگ کو چھوڑوں گا اور میں اپنی پارٹی بنا رہا ہوں۔

دوسری طرف ترجمان پی آئی اے نے مسافروں کو طیارے سے پرندہ ٹکرا جانے کے باعث غیر متوقع طور پر پرواز کی روانگی میں تاخیر ہونے پر زحمت پر معذرت کی ہے۔

 
Load Next Story