عالمی ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں ٹیم آئرلینڈ کی انٹری

بوائیڈ رینکن ٹیسٹ میں 2 ملکوں کی نمائندگی کرنے والے 15ویں کرکٹر بن گئے


Sports Desk May 13, 2018
39سالہ جوائس رواں صدی میں ڈیبیو کرنے والے عمررسیدہ کھلاڑی ثابت ہوئے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

عالمی ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں ٹیم کی انٹری ہوگئی، بارش کے باعث ایک روز کی تاخیر سے آئرلینڈ نے اولین میچ کیلیے پلیئنگ الیون میدان میں اتار دی جب کہ ایک ساتھ 10کرکٹرز کو کیپس وصول کرنے کا موقع ملا۔

کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ مارچ 1877 میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میںکھیلا گیا، میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 45 رنز سے شکست دی،جنوبی افریقہ کی انٹری مارچ 1889میں ہوئی، ویسٹ انڈیز جون 1928،نیوزی لینڈ جنوری 1930، بھارت جون 1932، پاکستان اکتوبر 1952، سری لنکا فروری 1982، زمبابوے اکتوبر 1992 او بنگلہ دیش نومبر 2000 میں ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہوا۔

17سال بعد گذشتہ روز ڈبلن میں آئرش ٹیم نے پاکستان کیخلاف میدان میں اترتے ہوئے11 ویں ٹیم کے طور پر اپنا نام درج کرایا، افغانستان جون میں میزبان بھارت کے خلاف میچ میں یہ اعزاز حاصل کرلے گا۔

آئر لینڈ نے اپنی تاریخ کے اولین ٹیسٹ میں ولیم پورٹر فیلڈ(کپتان)، پال اسٹرلنگ، ایڈ جوائس،نیل اوبرائن، اینڈی بلبرینی،گیری ولسن،کیون اوبرائن، اسٹورٹ تھامپسن، ٹائرون کین، بوائیڈ رینکن اور ٹم مرٹیگ کو شامل کیا، ان میں سے صرف بوائیڈ رینکن پہلے ڈیبیو کرچکے تھے،انھوں نے جنوری 2014میں انگلینڈ کی جانب سے ایک ٹیسٹ کھیلا تھا، وہ اس کے بعد واپس آئرلینڈ آگئے تھے،یوں رینکن کرکٹ کی تاریخ میں 15 ویں کھلاڑی بنے جنھیں طویل فارمیٹ میں 2 ملکوں کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

26 سال قبل کیپلر ویسلز اس فہرست میں شامل ہوئے تھے،انھوں نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی جانب سے میچز کھیلے، ایڈ جوائس نے بھی انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا لیکن پہلا ٹیسٹ آئرش ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا،وہ رواں صدی میں عمررسیدہ ترین ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کرکٹر ضرور بن گئے،گذشتہ روز ان کی عمر 39سال اور 231دن تھی،اس سے قبل آسٹریلوی برائن مگین نے 2006میں 36سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں