مونٹی کارلو ماسٹر ٹینس اعصام اور جولین کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام

جولین بینیٹو اور نیناڈ زیمونچ نے مقابلہ جیت کر فائنل فور میں جگہ بنالی۔

سنگلز میں نڈال، ٹاپ سیڈ نووک جوکووک، جوئے ولفریڈ سونگا اور فابیو فوگنینی کامیاب۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مونٹی کارلو ماسٹرزٹینس میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ڈچ پارٹنر جین جولین روزے کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا۔

فرنچ پلیئر جولین بینیٹو اور ان کے سرب پارٹنر نیناڈ زیمونچ نے مقابلہ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال، ٹاپ سیڈ نووک جوکووک ، جوئے ولفریڈ سونگا اور فابیو فوگنینی نے فائنل فور میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا،نڈال کی یہ ایونٹ میں مسلسل 45 ویں میچ میں فتح بنی۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کے جولین بینیٹو اور سربین پلیئر نیناڈ زیمونچ نے اعصام اور روزے کو6-2 اور 7-5 سے مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جہاں پر ان کا سامنا اسپینش جوڑی فرنانڈو ورڈاسکو اور ڈیوڈ ماریرو سے ہوگا۔

انھوں نے راؤنڈ 8 مقابلے میں بیلاروس کے میکس میرنائی اور رومانیہ کے ہوریا ٹائیسو کو 6-4،6-2 سے قابو کیا۔ مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگا نے سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کو ٹھکانے لگایا، فرنچ اسٹار کی جیت کا اسکور 2-6،6-3 اور6-4 رہا، فائنل میں رسائی کیلیے سونگا کو دفاعی چیمپئن نڈال کا چیلنج درپیش ہوگا، میچ کے بعد سونگا نے کہا کہ سیمی فائنل میں نڈال کا سامنا میرے لیے حیران کن چیلنج ہے، وہ یہاں پر گذشتہ آٹھ برس سے مسلسل ٹائٹل جیت رہا ہے۔




سیمی فائنل میں فتح میرے لیے بونس ہوگی، گذشتہ آٹھ برس سے ٹائٹل جیتنے والے اسپینش اسٹار نے بلغارین حریف گریگور دیمیتروف کو 2-6،2-6 اور 6-4 سے زیر کرلیا، ناکامی سے قطع نظر دیمتروف نے نڈال کو ناکوں چنے چبوادیے ، پہلا سیٹ 6-2 سے جیتنے والے نڈال کو دوسرے سیٹ میں بلغارین حریف نے اسی مارجن سے ہراکر جھٹکا دے دیا، تاہم دفاعی چیمپئن نے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے تیسرے سیٹ میں 6-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپ سیٹ کا خطرہ ٹال دیا، میچ کے اختتامی لمحات میں دیمیتروف کی ٹانگوں میں کریمپ پڑگئے تھے۔

تاہم یہ دلچسپ مقابلہ دو گھنٹے جاری رہا، نڈال کی یہ مونٹی کارلو میںلگاتار 45ویں میچ فتح بنی، اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی نے شاندار پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے تیسرے کوارٹر فائنل میں فرنچ حریف رچرڈ گیسکوئٹ کو 7-6(7/0) اور 6-2 سے مات دے دی، دن کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ اور ورلڈ نمبرون سربیا کے نووک جوکووک نے فن لینڈ کے جارکونمینن کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4،6-3 سے قابو کرلیا۔
Load Next Story