مصباح نے تیسری ٹرافی شوکیس کی زینت بنا لی

رواں برس ولولہ انگیزقیادت سے فیصل آبادکو ٹی 20 سپر ایٹ چیمپئن بنوایا، سوئی ناردرن گیس کوپریذیڈنٹ ٹرافی کے بعدون ڈے۔۔۔


Sports Reporter April 20, 2013
پریذیڈنٹ ٹرافی کی فاتح ٹیم سوئی ناردرن گیس کے کپتان مصباح الحق ودیگر کھلاڑیوں کا وننگ ٹرافی کے ساتھ گروپ۔ (فوٹو: محمد ثاقب)

مصباح الحق نے رواں برس تیسری ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنا لی۔

ان کی ولولہ انگیزقیادت نے فیصل آبادکو ٹی20سپر ایٹ چیمپئن بنوایا جبکہ سوئی ناردرن گیس کوفرسٹ کلاس ایونٹ پریذیڈنٹ ٹرافی کے بعد ون ڈے ٹورنامنٹ بھی جتوا دیا،گذشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر فائنل میں واپڈا کو32رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ اور ٹیسٹ بیٹسمین توفیق عمر کے درمیان 125رنز کی شراکت بنی، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں،اسد علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے، چیمپئنز ٹرافی کے حتمی اسکواڈ میں ان کی شمولیت کا امکان روشن ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے میچ میں واپڈا نے ٹاس جیت کر پہلے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، سوئی ناردرن نے مقررہ50 اوورز میں 8 وکٹ پر283 رنز بنائے، توفیق عمر78 گیندوں پر8 چوکوں کی مدد سے79 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،محمد حفیظ نے 64 گیندوں کا سامنا کیا اور 58 رنز بنائے،ان کی اننگز میں7چوکے شامل تھے،خرم شہزاد نے42 رنز کا اضافہ کیا،کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کا واحد چھکا لگاتے ہوئے 3چوکوں کی مدد سے34رنز اپنے نام کیے،اظہر علی نے33 رنز بنائے۔



بد قسمتی نے ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کا ساتھ نہیں چھوڑا، وہ11 گیندوں کا سامنا کر سکے اور9 رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے،ناصر ملک نے 3 جبکہ حافظ سعد نسیم اور تنزیل عاطف نے2،2 وکٹیں لیں اور جنید خان اور کپتان رانا نوید الحسن نے1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں واپڈا کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود9 وکٹ پر251 رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، ٹورنامنٹ میں3 سنچریاں اور ایک ففٹی بنانے والے رفعت اللہ مہمند محض7رنز بنانے کے بعد میدان سے لوٹ گئے۔

انھوں نے19 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک بار گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچایا،66رنزپر ناٹ آؤٹ رہنے والے محمد ایوب اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے،ان کی60 گیندوں پر مشتمل اننگز میں9 چوکے شامل رہے،واپڈاکی امیدوں کا مرکز صہیب مقصود71 گیندوں پر2 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے57 رنز کی اننگز کھیل کر ڈریسنگ روم پہنچ گئے،علی عظمت39،عامرسجاد29اورجنید خان 18رنز بنا کر رخصت ہوئے،کنگ آف اسپیڈ تربیتی کیمپ میں اپنے آئیڈیل وسیم اکرم سے فاسٹ بولنگ کے رموز سیکھنے کے خواہشمند اسد علی نے37رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو واپس ڈریسنگ روم جانے پر مجبور کیا۔

یاسر شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ اور خرم شہزاد کے ہاتھ 1،1 وکٹ لگی،آخر میں مہمان خصوصی پی سی بی کے ڈی جی سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ اور کے سی سی اے کے صدر سراج الاسلام بخاری بھی موجود تھے، فاتح ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے وننگ ٹرافی اورڈھائی لاکھ روپے کا انعام وصول کیا جبکہ رانا نوید الحسن نے رنر اپ ٹرافی کے ساتھ سوا لاکھ روپے کا چیک پایا۔

واپڈا کے صہیب مقصود ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، سوئی ناردرن گیس کے اسد علی بولر، اسی ٹیم کے توفیق عمر بیسٹ فیلڈر رہے ،محمد رضوان ، علی ندیم (کے آر ایل) کے ساتھ مشترکہ طور پر بہترین وکٹ کیپر قرار پائے، ان تمام کھلاڑیوں کو 25 ، 25 ہزار روپے بطور انعام ملے ،اس موقع پر ریٹائر ہونے والے گریڈون امپائر سلیم بدر کوبورڈ کی جانب سے10 لاکھ اورگریڈ ٹو امپائر رشید میمن کو 3 لاکھ روپے پیش کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں