فیڈریشن کپ ٹینس روسی ٹیم سلواکیہ سے پنجہ آزمائی کرے گی

سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کا اٹلی سے سامنا، فلوریڈا میں سوئیڈن و امریکا مدمقابل، ولیمز سسٹرز بھی شریک


AFP April 20, 2013
سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کا اٹلی سے سامنا، فلوریڈا میں سوئیڈن و امریکا مدمقابل، ولیمز سسٹرز بھی شریک۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

فیڈریشن کپ ٹینس کے سپرپاورز روس، اٹلی اور دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک کی نگاہیں ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ورلڈ گروپ سیمی فائنل میں دو مرتبہ کے دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک کو اٹلی کا سامنا کرنے کیلیے پالیرمو جانا پڑا ہے، ماسکو میں روس کی ٹیم سلواکیہ سے پنجہ آزمائی کرے گی، ایونٹ کے میچز ہفتے اور اتوار کو دنیا کے مختلف مقامات پرمنعقد ہورہے ہیں، ورلڈ گروپ ون پلے آف مقابلوں میں فلوریڈا میں سوئیڈن کی ویمنز ٹینس ٹیم امریکاکی مہمان بنی ہے، ولیمز سسٹرز سرینا اور وینس 6 برس میں دوسری مرتبہ ایک ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کپ ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے مقابلے ہفتے اور اتوار کو دنیا کے مختلف مقامات پر منعقد ہورہے ہیں، ورلڈ گروپ سیمی فائنلز میں دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک کی ٹیم اٹلی کی مہمان بنی ہے، اطالوی سائیڈ اب تک تین مرتبہ 2006،2009 اور 2010 میں یہ اعزاز اپنے نام کرچکی ہے، ٹائی میں فرانسسکا شیوانے اور فلاویا پنیٹا بھی حصہ لیں گی،یہ دونوں پلیئرز امریکا کیخلاف 2-3 سے فتح میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کرپائی تھیں،ان کی آمد سے ورلڈ نمبر7 سارا ایرانی اور روبریٹا ونسی کا بوجھ کچھ کم ہوجائیگا، ونسی کا فیڈریشن کپ ڈبلز مقابلوں میں 0-18 کا ریکارڈ ہے۔



گذشتہ دو برس سے ٹائٹل پر قبضہ جمائے رکھنے والے جمہوریہ چیک کو اس مرتبہ ڈبلز ورلڈ نمبر4آندریا ہیلکووا کا ساتھ میسر نہیں ہوگا، ان کی جگہ کارلا زاکاپولوا کو دی گئی ہے،سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا کا ریکارڈ بھی جمہوریہ چیک کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہے، وہ اب تک اپنے 14 فیڈریشن کپ سنگلز میں سے13 جیت چکی ہیں، 12 ماہ قبل جمہوریہ چیک نے سیمی فائنل میں اٹلی کو 1-4 سے مات دی تھی، اس تناظر میں اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی نے کہا کہ جمہوریہ چیک کیخلاف مقابلے یقینی طور پر سخت ہوں گے،گذشتہ مرتبہ ہم ہار گئے تھے لیکن کورٹ بہت تیز تھا،اس مرتبہ مقابلے ہمارے کلے کورٹ میں ہوں گے لہذا ہمیں امید ہے کہ نتیجہ مختلف نکلے گا۔

دوسری جانب ماسکو میں چار مرتبہ کے چیمپئن روس کو ماریا شراپووا کے بغیر سلواکیہ سے ٹکرانا ہے، سلواکیہ بھی2002 میں ایونٹ کا تاج اپنے سرپر سجا چکا، شراپووا کی عدم موجودگی میں روس کا دارومدار ماریا کریلنکو پر ہوگا، اسی طرح سلواکیہ کی ٹیم ڈنیلا ہنچووا پر انحصار کرے گی،ورلڈ گروپ ون پلے آف مقابلوں میں ڈیرلے بیچ فلوریڈا میں امریکا ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز اور ان کی بڑی بہن وینس کو 2007 کے بعد پہلی مرتبہ ایک ساتھ کورٹ میں اتارے گا۔

سوئیڈن کیخلاف امریکا کی ورلڈ نمبر16 سلونی اسٹیفنز اور وارویرا لیپچنکو بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی،ورلڈ گروپ پلے آف کے دیگر مقابلوں میں جرمنی اسٹٹ گارٹ میں سربیا سے مقابلہ کریگا، آسٹریلیا کو سوئٹزرلینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا، اسپین کا سامنا جاپان سے ہونا ہے۔ اسی طرح ورلڈ گروپ 2 پلے آف ٹائی میں بیلجیئم کا مقابلہ پولینڈ، فرانس کا قازقستان،ارجنٹائن کا برطانیہ اور یوکرین کا کینیڈا سے ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |